سید محمد جلال الدین شاہ کی تحریک پاکستان کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں،عرفان شاہ مشہدی

سید محمد جلال الدین شاہ کی تحریک پاکستان کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں،عرفان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹاف رپورٹر)تحریک صراط مستقیم پاکستان کے زیر اہتمام حافظ الحدیث پیر سید محمد جلال الدین شاہ نقشبندی قادری کی یاد میں مرکز صراط مستقیم جلالی سٹریٹ فیز iii تاج باغ لاہور میں حافظ الحدیث سیمینار میں علماءومشائخ نے ان کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی زندگی کو نسل نو کے لیے علم و عمل کا روشن مینار قرار دیا ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ حضرت پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی نے کہا !حافظ الحدیث کی پوری زندگی صبر و استقامت سے عبارت تھی۔ وہ حضرت امام موسیٰ کاظم کی اولاد پاک میں سے تھے اور حضرت مجدد الف ثانی اور حضرت امام احمد رضا بریلوی کے نظریات کے ترجمان تھے وہ حسنِ صورت اور حسنِ سیرت میں بے مثال تھے ۔سربراہ تحریک صراط مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا سیدی حافظ الحدیث ایک عہد ساز شخصیت تھے۔ جہنوں نے تحریک پاکستان سے لے کر تکمیل پاکستان تک بھر پور جدوجہد کی ۔وہ نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ اور مقام مصطفیٰ ﷺ کے تحفظ کے لیے سرگرم ِعمل رہے ان کی ذات معرفت اور ولایت کی ایک درس گاہ تھی ۔درگاہ ِحافظ الحدیث آستانہ عالیہ بھکھی شریف کے سجادہ نشین حضرت پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ حافظ الحدیث نے تعلیم و تربیت کے ذریعے اہل سنت میں انقلاب برپا کیا وہ فقہ و تصوف میں ایک اتھارٹی کی حیثیت رکھتے تھے ۔مرکزی صراط مستقیم کے سینئر مدرس مولانا ارشاد احمد حقانی نے کہا حضرت حافظ الحدیث کی صحبت سے مردہ دل زندہ ہو گئے اور ان کی مجلس اکسیر کی حیثیت رکھتی تھی ۔تقریب میںمولانا محمد اسحاق جلالی ،مولانا غلام مرتضیٰ صدیقی ،حکیم میاں محمد آصف ،مولانا محمد عبدالکریم جلالی، مولانا فرمان علی جلالی ،مولانا غلام مرتضیٰ علی ہاشمی اور ادارہ صراط مستقیم کے مبلغین،جلالیہ علماءفورم کے اراکین، الغالبون کے نمائندگان اور کثیر تعداد میں علما ءومشائخ نے شرکت کی ۔