افغان صدر کا دورہ دونو ں ممالک کو مزید قریب لانے کا سبب بنے گا، راشدہ یعقوب

افغان صدر کا دورہ دونو ں ممالک کو مزید قریب لانے کا سبب بنے گا، راشدہ یعقوب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور )جنرل رپورٹر ( پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہت مستحکم ہیں۔افغانستان کے صدر کا دورہ پاکستان دونو ں ممالک کو مزید قریب لانے کا سبب بنے گا ۔ہم نے تجارت کو وسعت ، سرمایہ کاری کو فروغ، انفراسٹرکچر کی بہتری ، سڑکوں اور ریل رابطوں کی تعمیر اور توانائی اشتراک کار میں اضافہ کے ذریعہ مضبوط اقتصادی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کے وزراء خزانہ نے اس اہم مقصد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دستاویز پر دستخط کئے ہیں۔ باہمی مواصلاتی رابطے اورعلاقائی تعاون ہمارے روابط کے ناگزیر اجزاء ہیں، ہم کاسا 1000 اور تاپی گیس پائپ لائن جیسے بین الاعلاقائی اقدامات کے ذریعہ تجارت، توانائی اورمواصلاتی راہداریوں کا تصور رکھتے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی کوپاکستان میں اپنے دوسرے گھر آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں ، ہم ان کے جرأ ت مندانہ وژن اور قیادت پر ان کا بہت احترام کرتے ہیں، ہم ماضی میں اور مستقبل میں افغانستان کی ترقی میں ان کے کردارکو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہ نئی افغان قیادت کے تدبر کا نتیجہ ہے اور اس سے افغانستان کے استحکام اور قومی یکجہتی کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی نے اہم موڑ پر منصب سنبھالا ہے جب افغانستان سیکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے، وہ افغانستان میں اسلوب حکمرانی،سماجی انصاف، تخفیف غربت، جوابدہی اور عوامی بہبود پرمرکوز جامع اصلاحاتی پروگرام پہلے ہی شروع کرچکے ہیں۔ اس عمل کی کامیاب تکمیل سے ایک محفوظ اورخوشحال افغانستان ابھرے گا جس کی ہم حمایت کرتے ہیں ، ہمیں کوئی شبہ نہیں کہ اشرف غنی کا یہ عزم اورحوصلہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔