شہبازشریف عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں مہیا کرنے میں ناکام رہے، عابد صدیقی
لاہور(پ ر) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب میں تسلسل سے سات سال سے اقتدار میں رہنے والے میاں شہباز شریف ابھی تک پنجاب کی عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں مہیا نہیں کر سکے۔ صوبے میں ڈاکٹروں کے پنجاب حکومت سے تحفظات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں پنجاب کے 10 اضلاع کے 310 صحت کے مراکز میں میڈیکل آفیسر کا نہ ہونا پنجاب حکومت کے صحت کے معاملے میں دعوﺅں کے منہ پر طمانچہ ہے پاکستان کی آدھی سے زیادہ آبادی پنجاب میں رہتی ہے جن کی صحت کا کوئی پرسان حال نہیں۔
ملک کی آدھی سے زائد آبادی کی صحت جیسے اہم شعبے کو فنڈنگ کے مسائل کا سامنا ہے جبکہ چند لاکھ افراد کو فائدہ پہنچانے کے لئے میٹروبس جیسے منصوبے پر خطیر رقم خرچ کر دی جا تی ہے جس سے حکومت کی پالیسیوں کے نقائص کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا طرزِ حکمرانی عوام کے لئے مسائل کھڑے کر رہا ہے لیکن حکمران اپنی کوتاہیوں کو ماننے کو تیار نہیں۔