سنہری خان پر سٹیج مانیٹرنگ ٹیم نے پابندی لگادی

لاہور (ویب ڈیسک) سٹیج مانیٹرنگ ٹیم نے اداکارہ سنہری خان پر پابندی لگادی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں شہر کے تمام نجی تھیٹرز میں سٹیج مانیٹرنگ ٹیم کے اہلکار اداکاراﺅں کو بلا وجہ ڈائیلاگز بولنے، ڈانس پرفارمنسز محدود کرنے اور ایسی باتوں سے منع کررہے ہیں، جو ڈراما کا باقاعدہ حصہ ہوتی ہیں، حال ہی میں محفل تھیٹر سے اداکارہ سنہری خان کے ڈائیلاگز اور ایک ڈانس پرفارمنس کو بین کردیا گیا۔ اس سلسلے میں سنہری کا کہنا ہے کہ انہیں نوٹس میں بغیر بتائے فحاشی کا الزام لگادیا گیا اور کہاگیاکہ پرفارمنس ٹھیک نہیں۔ دوسری جانب الفلاح تھیٹر میں بھی اداکاراﺅں کے ساتھ ایسا ہی کیا گیا جس پر فنکارائیں ان دنوں سراپا احتجاج بنی ہوئی ہیں۔ سٹیج پروڈیوسرز کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ مانیٹرنگ ٹیم کی من مانیوں سے تنگ آگئے ہیں، جلد ہی ڈی سی او لاہور سے ملاقات کرکے انہیں مسائل سے آگاہ کریں گے۔