حکومت فوج کے سہولت کار جبکہ تحریک انصاف ضامن کے کردار کی حامی تھی: جاوید ہاشمی

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق ممبر قومی اسمبلی جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نواز لیگ نے فوج کے حوالے سے سہولت کار جبکہ تحریک انصاف نے فوج کو بطور ضامن کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے سابق صدر جاوید ہاشمی نے کہا کہ حکومت فوج کو سہولت کار کے طور پر لانا چاہتی تھی لیکن آرمی چیف آنا نہیں چاہتے تھے جبکہ فوج کو سیاست میں لانے کی خواہش عمران خان کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کے مشروط استعفیٰ کی پیشکش کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے دوران اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرا لیتے ہیں اور اگر دھاندلی ثابت ہو گئی تو وزیراعظم استعفیٰ دے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ مڈٹرم الیکشن کی بات نہیں کریں گے لیکن میرے نزدیک مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ آئینی ہے تاہم دھرنے کی سیاست مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ سیاسی سفر جاری رکھوں گا۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی تشدد کی سیاست کی حامی نہیں، پرامن دھرنے، جلسے، جلوس عوام کا حق ہیں۔