میزان بینک اور آئی ایم ای ریمیٹ ملائیشیا کے مابین منی ٹرانسفر معاہدے پر دستخط

میزان بینک اور آئی ایم ای ریمیٹ ملائیشیا کے مابین منی ٹرانسفر معاہدے پر ...

کراچی(اکنامک رپورٹر) پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے بین الاقوامی منی ٹرانسفر کمپنی آئی ایم ای ریمیٹ ملائیشیا کے ساتھ منی ٹرانسفر کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت صارفین بیرون ممالک سے آئی ایم ای ریمیٹ کے ذریعے بھیجی جانے والی رقوم میزان بینک سے حاصل کرسکیں گئے۔ اس معاہدے سے میزان بینک ملائیشیا اور دیگر ممالک میں آئی ایم ای ریمیٹ کی موجودگی کا فائدہ حاصل کرسکے گا۔معاہدے کے تحت ملائیشیا، برطانیہ اور نیپال میں مقیم پاکستانیوں کی اپنے خاندان والوں کے لیے آئی ایم ای ریمیٹ کے ذریعے بھیجی جانے والی رقوم ملک بھر میں میزان بینک کی کسی بھی برانچ سے کیش وصول کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوسکے گی۔ اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے کہاکہ میزا ن بینک بیرون ملک سے ترسیلات کے بزنس کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور ہمارا مقصد بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس معاہدے کی بدولت اسلامی بینکاری نظام کے ذریعے ترسیلاتِ زر کو فروغ ملے گا۔ میزان بینک پاکستان کا آٹھواں بڑا بینک ہے۔ جو 490سے زائد برانچز کے ساتھ400سے زائد اے ٹی ایمز، ویزا ڈیبٹ کارڈ اور 24/7کال سینٹر کے ذریعے صارفین کو اسلامی بینکنگ پراڈکٹ کی وسیع خدمات فراہم کررہا ہے۔ بینک کئی سالوں سے اسلامک فنانس نیوز ملائیشیا، گلوبل فنانس میگزین نیو یارک، سی ایف اے ایسوسی ایشن پاکستان اور ایسٹ ٹرپل اے ہانگ کانگ سمیت ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پاکستان کے بہترین اسلامی بینک کا ایوارڈ حاصل کررہاہے۔ JCR-VISکریڈٹ ریٹنگ کمپنی کی ریٹنگ میں بینک کی طویل المدتی ریٹنگ ڈبل ا ے برقرار رہی ہے۔ بینک کی شارٹ ٹرم ریٹنگ مستحکم آؤٹ لک کے ساتھ A1+ ہے جوکہ بینک کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔#

مزید : کامرس