تاجکستان پاکستان کے توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے

تاجکستان پاکستان کے توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا ...

راولپنڈی (کامرس ڈیسک) پاکستان میں تاجکستان کے سفیر جونوو شیرالی نے راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت کے پہلے گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر صد ر راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت میاں ہما یوں پرویز نے تاجک سفیر کا استقبال کیا اور طلباء اور معزز مہمانوں کا چیمبر آنے پر شکریہ ادا کیا۔راولپنڈی چیمبر نے اس ہفتے کا انعقاد اپنی11 پارٹنر یونیورسٹیوں کے تعاون سے کیا ہے۔جو 21نومبر تک جاری رہے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے تاجکستان کے سفیر جونوو شیرالی نے گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک کے انعقاد پر آرسی سی آئی کے صدر کی تعریف کی اور کہا کہ اس ہفتے کے انعقاد سے نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے اور ان شعبوں میں باہمی تعاون سے دونوں دوست ملکوں کے درمیا ن اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ تاجک سفیر نے کہا کے پاکستان میں افرادی قوت کے شعبے میں بے پنا ہ صلاحیت موجود ہے اور اس صلاحیت کو مثبت سمت میں گامزن کر کے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے علم و ہنر کو ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ وسطی ایشیا ء کاروبار کے لیے ایک وسیع منڈی ہے۔ اور نوجوان بزنس مین اس سے بھر پور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صد ر راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت میاں ہما یوں پرویز نے کہا کہ گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک سے طلباء کو روزگار کی تلاش کی بجائے روزگار پیدا کرنے والا بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ویک کے دوران طلباء کو تربیتی ورکشاپس میں شرکت کا موقع ملے گا جس سے وہ اپنا کاروبار شروع کرنے میں جدید خیالات اور نظریات اپنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرسی سی آئی اس سال یہ ہفتہ منا کر گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک کا حصہ بن گیا ہے جس سے نوجوانوں کو بین الاقوامی میعا ر کے حوالے سے راہنمائی بھی ملے گی۔ انہوں نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ طلباء کو ایسے مواقع مہیاکریں جن سے استفادہ کرکے وہ اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔راولپنڈی چیمبر کے سابق صدر ایس ایم نسیم نے کاروبار کو ایک مقدس پیشہ قرار دیتے ہوےٗ کہا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے بھی تجارت کا پیشہ اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان اور جرمنی جیسے ترقی یافتہ ملکوں نے بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دے کر یہ مقام حاصل کیا اور ہم بھی ایسا کر سکتے ہیں۔ راولپنڈی چیمبر کے سابق صدور جنا ب سئید اسد مشہدی اور منظر خورشید شیخ کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ شرکاء کو آرسی سی آئی کے اقدامات اور سرگرمیوں کے بارے میں ایک ڈاکومنٹری بھی دیکھائی گئی۔

مزید : کامرس