124یونین کونسلوں کیلئے کرایہ دفاتر کی تلاش شروع ، اے ڈی ایل جی کو ٹاسک سونپ دیا گیا

124یونین کونسلوں کیلئے کرایہ دفاتر کی تلاش شروع ، اے ڈی ایل جی کو ٹاسک سونپ ...

لاہور(جاوید اقبال) صوبائی دارالحکومت میں 124نئی یونین کونسلوں کے دفاتر قائم کرنے کیلئے عمارتیں تلاش کرنے کا ٹاسک اے ڈی ایل جی کو سونپ دیا گیا ہے۔یہ ٹاسک محکمہ لوکل گورنمنٹ کی طرف سے دیا گیا ہے جس میں’’ اے ڈی ایل جی ‘‘کو کہا گیا ہے کہ 20دسمبر تک نئی یونین کونسلوں کیلئے کرایہ پر دفاتر قائم کرنے کیلئے عمارتیں کرائے پر حاصل کریں اورہر دفتر کیلئے فر نیچرز ،ٹیلی فون ،پی ٹی سی ایل کے کنکشن بھی لگوائے جائیں ۔جس پر فوری طورپر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اورشہر کی 124نئی یونین کونسلوں کے دفاتر قائم کرنے کیلئے کرایہ پر دفاتر کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ضلع لاہور میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں یونین کونسلوں کی تعداد 150سے بڑھا کر 274کر دی گئی۔جن میں چیئر مین،وائس چیئرمین اورکونسلرز انتخابات میں کامیاب ہوکر سامنے آچکے ہیں اوروہ محکمہ بلدیات سے دفاتر طلب کر رہے ہیں مگر شہر میں چونکہ 150یونین کونسلیں تھیں جن میں 124کا اضافہ ہو چکا ہے اوران نئی یونین کونسلوں کیلئے نئے دفاتر کی ضرورت پیدا ہو گئی جس پر محکمہ لوکل گورنمنٹ نے نئی 124یونین کونسلوں کے چئیرمینوں کے دفاتر قائم کرنے کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ لاہور کو حکم دیا ہے انہیں کہا گیا ہے کہ وہ 20دسمبر تک لاہور میں 124یونین کونسلوں کے دفاتر قائم کرانے کیلئے عملی اقدامات کریں اوراس کیلئے اگر دفاتر کیلئے جگہ کرائے پر درکار ہو تو اس کیلئے انتظامات کیے جائیں ۔ہر یونین کونسل میں چیئرمین ،وائس چیئرمین ،سیکرٹریزاورعملے کے دفاتر قائم کیے جائیں ۔کوشش کی جائے کہ پلازوں کی بجائے الگ سے یونین کونسلوں کے دفاتر قائم کرنے کیلئے جگہیں حاصل کی جائیں جن کا اوسط ماہانہ کرایہ 50000/روپے سے زائد نہ ہوایسی عمارتیں کرائے پر حاصل کی جائیں جن میں پانی ،بجلی اورگیس کے کنکشن موجود ہوں ۔جس پر اے ڈی ایل جی نے کام شروع کر دیاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1