ایل ڈی اے کے 8کمرشل پلاٹ ایک ارب 33کروڑ سے زائد میں نیلام
لاہور (اپنے خبر نگار سے)لاہور ڈویلپمنٹ اتھار ٹی کے زیر اہتمام جو ہر ٹاؤن ‘مصطفی ٹاؤن اور قائد اعظم ٹاؤن میں واقع آٹھ کمر شل پلاٹ مجموعی طور پر ایک ارب 33 کروڑ 55 لاکھ روپے میں نیلام کر دئیے گئیسب سے زیادہ بولی سوک سنٹر جوہر ٹاؤن میں واقع دو کنال رقبے کے پلاٹ نمبر2 کے لئے دی گئی اس کی بنیادی قیمت 25 لاکھ روپے فی مرلہ رکھی گئی تھی جبکہ یہ40 لاکھ20ہزار روپے فی مرلہ کے حساب سے مجموعی طور پر 16 کروڑ27 لاکھ 23ہزار روپے میں نیلام ہوا۔نیلام عام ایل ڈی اے کمیونٹی سنٹر 239-A نیو مسلم ٹاؤن نزد ایوبیہ مارکیٹ میں منعقد ہو ا جس کی نگرانی ایل ڈی اے کی آکشن کمیٹی کے ارکان ڈائریکٹر فنانس ظہیر اصغر رانا‘ ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ محمد نعمان خان ‘اکبر نکئی‘عثمان غنی اورفہد انیس اورڈائریکٹرز لینڈ ڈویلپمنٹ محمد اسد امیر اور معظم رشید اور دیگر متعلقہ افسران نے کی۔ نیلام عام کے دوران بولی میں حصہ لینے کے خواہشمند33حضرات نے زر ضمانت جمع کروائی ۔ نیلامی شروع ہونے سے پہلے نیلام عام کی شرائط پڑھ کر سنائی گئیں۔نیلامی میں شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا ا ور ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر بولی دی ۔