فرانس دھماکے، پاکستانیوں کو ٹریول ایڈوائس جاری نہیں کی،دفتر خارجہ
لاہور(نامہ نگار)دفتر خارجہ نے فرانس میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے پاکستانیوں کو ٹریول ایڈوائس جاری نہیں کی تاہم ماضی میں جہاں ضرورت پڑتی رہی ہے پاکستانی حکومت اپنے شہریوں کو ٹریول الرٹ اور سفری ہدایات جاری کرتی رہتی ہے ،جیسا کہ مئی 2013ء میں اجمیر شریف جانے والے پاکستانیوں کو ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی تھی ۔اس حوالے سے وزارت خارجہ نے اخبارات کو بھی ایک پریس نوٹ جاری کیا تھا جس میں پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ بھارت میں اپنے سفر کے دوران محتاط رہیں ۔پاکستانی حکومت نے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لئے بھارتی حکومت سے بھی مدد طلب کی تھی اور ان کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات کا مطالبہ کیا تھا ۔بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کی پاکستانی جیل میں ہلاکت اور اس کے بعدثناء اللہ حق نامی پاکستانی پر جمو ں جیل میں حملہ کے بعد یہ ٹریول الرٹ جاری کی گئی تھی ۔وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی حفاظت کے لئے مختلف ممالک میں امن عامہ کی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر وقتاً فوقتاً ٹریول ایڈوائس جاری کی جاتی رہی ہے ۔