واہگہ بارڈر ، نشے میں دھت سیکھ نے جیپ بھارتی گیٹ توڑ کر پاکستانی گیٹ سے ٹکرا دی

واہگہ بارڈر ، نشے میں دھت سیکھ نے جیپ بھارتی گیٹ توڑ کر پاکستانی گیٹ سے ٹکرا ...

، واہگہ،نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این )نشے میں دھت بھارتی شہری نے تیز رفتار جیپ واہگہ گیٹ سے ٹکرادی،ڈرائیور کو بی ایس ایف نے گرفتار کر لیا،گاڑی پاکستان نے قبضے میں لے لی،تیز رفتار جیپ رات کے اندھیرے میں بھارتی گیٹ توڑتے ہوئے ریڈ لائن کراس کر کے پاکستانی گیٹ سے ٹکرائی،سکھ ڈرائیور زخمی حالت میں بھارتی حدود میں گرا۔تفصیلات کے اتوار اور پیر کی درمیانی شب 3بجے کے قریب واہگہ بارڈر پر اس وقت افراتفری پھیل گئی جب ایک تیز رفتار جیپ بھارت کا سرحدی گیٹ توڑ کر نہ صرف ریڈ لائن کراس کر گئی بلکہ پاکستان کے سرحدی گیٹ سے آ کر ٹکرائی جس کے نتیجے میں پاکستانی گیٹ کو بھی نقصان پہنچا۔جب یہ واقعہ ہوا اس وقت دونوں اطراف کے گیٹ بند تھے اور رات کی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے سوا باقی عملہ آرام کر رہا تھا۔بھارت کی جانب سے آنے والی جیپ اتنی تیزی سے ٹکرائی کہ سویا ہوا عملہ بھی جاگ پڑا اور ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔جیپ کا ڈرائیور زخمی ہو کر بھارت کی حدود میں ہی گر گیا تھا جسے بی ایس ایف نے گرفتار کر کے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے جبکہ گاڑی کو پاکستا ن رینجرز نے قبضے میں لے لیا ہے۔بھارتی حکام کے مطابق ڈرائیور بھارتی پنجاب کا سکھ ہے جو نشے کی حالت میں تھا اس لئے گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی بے قابو ہو کر سرحدی گیٹوں سے ٹکرا گئی۔ڈرائیو ر کو گرفتار کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔پاکستانی رینجرز نے بھی جیپ کی ٹکر سے گیٹ ٹوٹنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور اس تحقیقات میں بھارت سے تعاون مانگا گیا ہے۔امکان ہے کہ پاکستانی حکام بھی ڈرائیور سے پوچھ گچھ کرینگے۔یہ اپنی نوعیت کا پہلا ہے واقعہ ہے کہ سرحدی دروازوں سے کوئی گاڑی ٹکرائی ہے۔اس واقعہ کے باعث کچھ دیر کے لئے دوستی بس کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی تاہم پاکستانی حکام نے معاملات درست کر کے آمد و رفت بحال کردی ۔ دریں اثناء پنجاب رینجرز نے گیٹ سے گاڑی ٹکرانے کے واقعہ پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے ۔ بی ایس ایف حکام کو تحریری خط لکھ کر تحفظات سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے ڈرائیور کے مقاصد کیا تھے؟،ڈرائیور سے ہونے والی تفتیش سے آگاہ کیا جائے اور پاکستانی نمائندوں کو بھی ڈرائیور تک رسائی دی جائے ۔خط کے ساتھ ثبوت کے طور پر تصاویر اور وڈیو بھی ارسال کی گئی ہیں ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ فارئنگ یا دہشتگردی کا واقعہ ہوتا تو تعلقات کشیدگی کی طرف جاتے ۔ گاڑی میں تخریب کار اسلحہ کے ساتھ آتا تو زیادہ نقصان کر سکتا تھا ، افسوس کی بات ہے کہ گاڑی رکاوٹیں توڑتی ہوئی پاکستانی گیٹ سے ٹکرائی ۔دوسری طرف بھارتی سرحدی فورس نے ملزم ڈرائیور سکھوندر سنگھ کو بچانے کیلئے نیا ڈرامہ رچادیا ۔بی ایس ایف نے ملزم سکھوندر سنگھ کو ذہنی مریض قرار دیدیاہے ۔بی ایس ایف کے مطابق ملزم سکھوند ر سنگھ کینیڈا کا شہری ہے اور اسکا ذہنی توازن درست نہیں ہے وہ پولیس کی حراست میں دوران تفتیش گانے گاتارہا۔

مزید : صفحہ اول