الیکشن کمیشن نے ووٹر اورانتخابی عملے کی تفصیلات جاری کر دیں

الیکشن کمیشن نے ووٹر اورانتخابی عملے کی تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے 5 دسمبر کو ہونے والے تیسرے مرحلے کے لئے ووٹر اور انتخابی عملے کی تفصیلات جاری کردیں‘ پنجاب کے 12 اضلاع میں تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں ایک کروڑ 70 لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پیر کو الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں 10 ہزار517 حلقوں میں بلدیاتی انتخابات ہونگے‘ پنجاب کے بارہ اضلاع میں مرد ووٹرز کی تعداد 9447937 مرد جبکہ 7539000 سے زائد خواتین رجسٹرڈ ہیں۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں چالیس ہزار انتخابی عملہ فرائض سرانجام دے گا۔ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے بارہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران‘ 254ریٹرننگ افسران ‘ 518اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کئے گئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے 14470پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ تیسرے مرحلے میں پنجاب میں چالیس ہزار پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کے بارہ اضلاع کی 1335یونین کونسلز کی نشستوں پر براہ راست انتخابات ہونگے جبکہ یونین کونسلز کے آٹھ ہزار دس وارڈز میں انتخابات ہونگے۔ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں اٹھاون میونسپل کمیٹیوں اور ان کے ایک ہزار ایک سو بہتر وارڈز میں بھی انتخابات ہونگے۔ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ پانچ دسمبر کو ہوگی۔ پنجاب کے راولپنڈی‘ ملتان‘ ڈیرہ غازی خان‘ بہاولپور‘ سیالکوٹ‘ نارووال‘ خوشاب‘ جھنگ‘ راجن پور‘ مظفر گڑھ‘ لیہ اور رحیم یار خان میں انتخابات ہونگے۔

مزید : صفحہ اول