اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چار فلسطینیوں کے مکان مسمار کردیے

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چار فلسطینیوں کے مکان مسمار کردیے

تل ابیب(اے پی پی) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چار فلسطینیوں کے مکان مسمار کردیے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غربِ اردن کے شہر الخلیل میں فلسطینیوں کے چار مکانوں مسمار کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غربِ اردن کے شہر نابلس میں تین فلسطینیوں کے مکان مسمار کیے گئے ہیں۔ان تینوں پر یکم اکتوبر کو ایک اسرائیلی آبادکار جوڑے کو ہلاک کرنے کا الزام تھا۔رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں سلواد میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک اور فلسطینی کے مکان کو ڈھا دیا ہے۔اس فلسطینی پر جون میں غربِ اردن کی ایک شاہراہ پر ایک اسرائیلی کو ہلاک کرنے کا الزام تھا۔ان چاروں مکانوں کو ڈھانے کی ان کارروائیوں کے دوران فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں نو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور متنازعہ پالیسی کے ناقدین نے اسرائیل کی اس ظالمانہ پالیسی کی مذمت کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے ایک فرد کے جرم کی سزا اس کے پورے خاندان کو دی جارہی ہے۔واضح رہے کہ یکم اکتوبر کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں81 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

مزید : عالمی منظر