پی ٹی آئی کی مقبولیت سے سیاسی مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،عارف علوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے چیف آرگنائزر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عوام میں تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے سیاسی مخالفین خصوصاً پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ۔ اندرون سندھ کے مختلف اضلاع اورخصوصاً حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں تحریک انصاف کے انتخابی دفتر پر حملہ کیا گیا جس میں5سے زائد کارکنان کے زخمی ہوئے۔ اس قسم کی غنڈہ گردی اور بدمعاشی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔اس قسم کی حرکتوں سے واضح ہو گیا کہ شکست خوردہ عناصر اپنی شکست دیکھ کر حواس باختہ ہو چکے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے اپنی رہائش گاہ محمد علی سوسائٹی میں اندرون سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر دیوان سچل ،دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدو جہد مسلک اور زبان سے بالا تر ہے۔ تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات میں دیانت دار ،ایمانداراور محب وطن لوگوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے تحریک انصاف کے نمائندوں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ تحریک انصاف کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے ۔ تحریک انصاف اس اندھیروں میں ایک روشنی کی کرن بن کر ابھرے گی ۔ پاکستانی عوام اور خصوصاً سندھ کے لوگ کرپشن اور لوٹ مار کے اس گلے سڑے نظام سے تنگ آ چکے ہیں۔ تحریک انصاف ہی اس ملک کا مستقبل ہے۔ جب ایماندار اور دیانت دار قیادت منتخب ہوگی تب ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔