آفیسرز فرائض ایمانداری سے انجام دیں ،جمشید الدین

آفیسرز فرائض ایمانداری سے انجام دیں ،جمشید الدین

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکاٹیکس کنڑول میاں جمشید الدین کاکا خیل کی زیر صدارت پیر کے روز پشاور میں محکمہ کے کارکردگی پر نظر ثانی سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے علاوہ صوبہ بھر کے ای ٹی اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں جولائی 2015ء تا اکتوبر2015ء کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور محاصل کیلئے دئیے گئے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور ہوا۔اجلاس میں یہ فیصلہ ہو ا کہ آئندہ پراگرس پر نظر ثانی سے متعلق اجلاس کو ریجنل سطح پر منعقد کیا جائیگا تاکہ مجموعی طور پر متعلقہ افسروں اور اہلکاروں کی کارکردگی کاجائزہ لیا جا سکے۔اس موقع پر تمام ای ٹی اوز وکو سختی سے ہدائت کی گئی کہ وہ اپنے زیر استعمال گاڑیوں کی مکمل پروکلیمیشن ڈی جی آفس کو فراہم کریں۔اجلاس کے شرکاء سے باتیں کرتے ہوئے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل نے کہا کہ محکمہ کے تمام ضلعی افسران اپنے انتظامی اُمور کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اس امر کو یقینی بنائیں کہ آئندہ پرائیوٹ گاڑیوں میں اپنے فرائض انجام نہ دیا کریں بلکہ محکمہ کی گاڑی جس پر محکمہ کا مونوگرام لگا ہو میں چیکنگ کیا کریں۔اجلاس میں بعض اضلاع میں محکمہ کے خلاف شکایات پر متعلقہ افسران کی سرزنش بھی کی گئی۔صوبائی وزیر نے اجلاس میں شریک افسران کو سختی سے اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے بجا آوری کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

مزید : کراچی صفحہ آخر