پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنیوالے مملاک میں چین سر فہرست ہے ،احسن اقبال

پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنیوالے مملاک میں چین سر فہرست ہے ،احسن ...

لاہور(جنر ل رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے ٗ پاکستان چین اکنامک کاریڈور منصوبے کے تحت ملک کے چاروں صوبوں کو تین نئے راستوں سے گوادر سے جوڑ رہے ہیں ٗاس منصوبے کی کامیابی پاکستان اور چین کے مابین دیر پا تعلقات کی ضمانت ہو گی ٗ اکنامک کاریڈور منصوبے سے پانچ سالوں میں پاکستان کو 17ہزار میگاواٹ کے بجلی پیداواری منصوبے میسر آئیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نجی ہوٹل میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمٹ اینڈ ٹریڈ(PBIT)کے زیر انتظام منعقدہ پاک چین بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں چئرمین PBITعبدالباسط، چائنہ ملٹی نیشنل گروپCMG) (اور انٹرنیشنل کریٹو انڈسٹری الائنس (ICIA) کی قیادت کے ساتھ آئے 32 چینی سرمایہ کاروں کے وفداور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب میں چوہدری احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وژن 2025کے تحت پاکستان کو دنیا کی 25کامیاب ترین معاشی قوتوں میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔اس ضمن میں چین کے ساتھ معاشی ترقی کا سفر نہایت اہم ہے اورCPECکی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔چئرمین PBITعبدالباسط نے کانفرنس سے خطاب میں حکومت پنجاب کی کاروبار دوست پالیسیوں کاتذکرہ کیا اور چینی سرمایہ کاروں کو بتایا کہ حکومت انہیں 100فیصد ایکٹوٹی دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں توانائی، زراعت، صنعت، مائنز اینڈ منرلز، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور لائیوسٹاک میں سرمایہ کاری کے بیش بہا مواقع موجود ہیں۔کانفرنس میں چین کی مایہ ناز کمپنیوں سے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔انکا کہنا تھا کہ چینی قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کرتی ہے اور پاک چین تعلقات تاریخ کے مثبت ترین دور سے گزر رہے ہیں۔چینی وفد نے پاکستان میں زلزلہ زدگان کی امداد میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید : ملتان صفحہ اول