عمر اکمل نے ماڈل ریچل خان کو 50کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمر اکمل نے ماڈل ریچل خان کو 50کروڑ ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے ۔نوٹس عمر اکمل کے وکیل کی جانب سے بھجوایا گیا۔عمر اکمل کا کہنا ہے کہ ماڈل ریچل خان نے میری شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ،اگر 15دن کے اندر ہرجانے کی رقم اور تحریری معافی نہ مانگی تو تادیبی کارروائی کی جائے گی ،واضح رہے کہ ماڈل ریچل خان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ناروے میں ایک تقریب کے دوران عمر اکمل کو تھپڑ دے مارا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق رواںبرس 23اگست کو ناروے کے شہر اوسلو میں پلے فار پیس کے نام سے میچ ہونا تھا اور اس کے بعد میوزیکل شو بھی تھا،جس میں شرکت کیلئے بھارت سمیت پاکستانی نامور کھلاڑی بھی وہاں شرکت کیلئے گئے جن میں عبدالرزاق ،مصباح الحق ،شعیب اختر اور عمر اکمل شامل ہیں جبکہ بھارتی اداکارہ مہیما چوہدری اور روحت شرما بھی شرکت کیلئے وہاں موجود تھے۔ماڈل ریچل کا کہنا ہے کہ وہ بھی وہاں موجود تھیں اور عمر اکمل نشے میں بھارتی کرکٹر روہت شرما اور مہیما چوہدری سے بدتمیزی کی جس کے بعد وہ ان کے پاس آئے اور انہوں نے ان سے بھی بد تمیزی کی لیکن میں نے عمرا کمل کو ایک تھپڑ دے مارا اور وہ نیچے گر گئے جس کے بعد انتظامیہ عمراکمل کو وہاں سے اٹھا کر لے گئی تھی۔