”پاکستان میں یوٹرن کا ایک ہی ماسٹر ہے اور وہ۔۔۔“ شازیہ مری نے ’ماسٹر سٹروک‘ کھیل دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ اگر کوئی ڈاکو ہے تو حکومت ثابت کرے ،پاکستان میں یو ٹرن کا ایک ہی ماسٹر ہے اور وہ عمران خان ہیں لیکن اس بات کی حیرت ہے کہ آج تحریک انصاف کے لوگ اپنے لیڈر کی غلط بات کا دفاع کر رہے ہیں، “یو ٹرن” جیسے لفظ کو یہ لوگ بہت اچھا بنا کر پیش کر رہے ہیں اور اس کی خوبیاں گنوا رہے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی شازیہ مری کا کہنا تھا کہ مجھے تو وہ وقت یاد آ رہا ہے جب اس ملک کی اچھی خاصی پاپولیشن کو الطاف حسین جیسا ایک آدمی گمراہ کیا کرتا تھا اور پھر جس طرح وہ ایکسپوز ہوئے وہ سب کے سامنے ہے ،اب لگ رہا ہے کہ وہی باتیں دہرائی جا رہی ہیں لیکن ہمیشہ جھوٹ جھوٹ اور سچ ،سچ ہی رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا کام ہی یو ٹرن لینا ہے، حکومت نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے پھر یو ٹرن لےلیا، یہ لوگ یہی کام شروع سے کر رہے ہیں۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ جہاں تک احتساب کی بات ہے تو عمران خان کو احتساب اپنے گھر اور اپنی فیملی سے شروع کرنا چاہیئے تھا،میں کسی کی بہن بیٹی کی بات نہیں کرتی لیکن تمام چیزیں باہر آ چکی ہیں ،اگر علیمہ خان کا سب ریکارڈ درست ہے تو کس چیز کا جرمانہ ؟دوسروں پر تو آپ روز انگلی اٹھاتے ہیں لیکن اپنی صفوں میں بیٹھے ہوئے وہ سیاست دان جو احتساب کے دائرے میں آ چکے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی کوئی بات نہیں کرتے ،حکومت کو بغیر کسی عدالتی فیصلے کے صرف یہ حق چاہئے کہ سب کو ڈاکو کہنا شروع کر دے ،اگر کوئی ڈاکو ہے تو حکومت ثابت کرے ۔شازیہ مری نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے جو سب باتیں کیں انہیں سوچنا چاہیئے تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ سب باتیں ان پر بھی لاگو ہوں گی۔اسمبلی میں ہونے والے ہنگاموں کے حوالے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں کھڑے ہو کر جھوٹ کا سہارا لینا نہایت غلط بات ہے، اس وقت اسمبلی کا ماحول بہت خراب ہے۔اپنی صفوں میں بیٹھے ہوئے وہ سیاست دان جو احتساب کے دائرے میں آ چکے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی کوئی بات نہیں کرتے ،اگر کوئی ڈاکو ہے تو حکومت ثابت کرے