فواد چوہدری پر پابندی غیرمعمولی اقدام ،پارلیمان کی ساکھ مجروح ہونے دیں گے نہ ہی کرپشن کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ کریں گے:ترجمان وزیر اعظم افتخار درانی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان کے ترجمان افتخار درانی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ایوان بالا میں داخلے پر پابندی غیرمعمولی اقدام تھا،پارلیمان کی تعظیم اور کرپشن کیخلاف فیصلہ کن اقدامات حکومتی ایجنڈے کے مرکزی نکات ہیں،پارلیمان کی ساکھ مجروح ہونے دیں گے نہ ہی کرپشن کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین سینٹ کی جانب سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ایوان میں داخلے پر پابندی کے معاملے پر وزیراعظم کے ترجمان افتخار درانی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینٹ کی جانب سے وزیر اطلاعات کے ایوان میں داخلے پر پابندی غیرمعمولی اقدام تھا، ایوان بالا میں جنم لینے والی صورتحال سے تشویش کی غیر معمولی لہر نے جنم لیا، وزیراعظم نے سینیٹ میں پیدا ہونے والے بحران کے حل کی ذمہ داری وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپی جنہوں نے خوش اسلوبی سے معاملہ سلجھایا۔افتخار درانی نے کہا کہ معاملے کو سلجھانے میں حکومتی مؤقف میں کوئی کوتاہی یا تضاد نہیں، پارلیمان کی تعظیم اور کرپشن کیخلاف فیصلہ کن اقدامات دونوں حکومت کے ایجنڈے کے مرکزی نکات ہیں،پارلیمان کی ساکھ مجروح ہونے دیں گے نہ ہی کرپشن کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ کریں گے، کرپشن اور موجودہ معاشی حالات کا گہرا تعلق ہے، پارلیمنٹ میں اس پر بات کرنا کسی کا استحقاق مجروح نہیں کرتا۔