وزیر اعظم کے اعلان کے باوجود شوگر ملوں نے کرشنگ شروع نہیں کی‘کسان بورڈ

وزیر اعظم کے اعلان کے باوجود شوگر ملوں نے کرشنگ شروع نہیں کی‘کسان بورڈ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( آن لائن ) گزشتہ روز پاکستان کے مختلف اضلاع سے آئے کاشتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے صدرکسان بورڈ پاکستان چوہدری نثار احمد نے شوگر ملوں کے سیزن شروع نہ کرنے پر اظہار تشویش کرتے کہا کہ وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ شوگر ملوں کو پندرہ نومبر کو چلادیا جائے گا مگر افسوس کہ شوگر ملوں نے وزیر اعظم کے اھکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے اور پندرہ نومبر کو ملیں نہیں چلائیں بلکہ شوگر مل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات نہیں مانے جاتے وہ ملیں نہیں چلائیں گے۔ملیں نہ چلنے سے کسانوں میں موجودہ حکمرانوں سے بھی مایوسی پھیل چکی ہے۔سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی کسانوں کے مسائیل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔زرعی مداخل مہنگے جبکہ زرعی اجناس کا کوئی خریدار نہیں۔ شوگرملوں نے کسانوں کے اربوں روپے لوٹے ۔اور اب بھی شوگر ملوں کی طر ف سے کرشنگ سیزن لیٹ کرکے کسانوں کو لوٹنے کا پروگرام بنایاجا رہا ہے۔ کرشنگ سیزن کا بر وقت آغاز نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں میں بہت زیادہ بے چینی پائی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ اس کے لئے یہ بھی باعث پریشانی ہے کہ کرشنگ سیزن بہت زیادہ لیٹ ہونے کی وجہ سے وہ گنا کاٹ کر لاکھوں ایکڑ پر گندم کاشت کرنے سے محروم ہو جائیں گے جس سے نا صرف کسانوں کو نقصان ہو گا بلکہ مجموعی قومی پیداوار کی جی ڈی پی بھی متاثر ہو گی۔
اور ملک میں گندم کی پیداوار کم ہونے کی وجہ سے ملک فاقہ کشی کا شکار ہوجائے گا۔موجودہ حکومت پہلے سو دنوں میں زرعی پالیسی کا اعلان بھی نہیں کر سکی ۔ کسان بورڈ نے جگہ جگہ کنونشن منعقد کرکے حکمرانوں کو کسانوں کے مسائل اور مطالبات پیش کرنے کا پروگرام شرو ع کر رکھا ہے اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو پورے پاکستان کی سڑکیں بلاک کرکے اپنے مطالبات منوائیں گے ۔آخر میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے مطالبات مان لیں،شوگر ملوں کو فوری چلانے کے اقدامات کریں اور لٹیری شوگر ملوں سے اربوں کے واجبات دلوائیں۔ ۔#/s#

مزید :

کامرس -