وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ ڈیرہ غازی اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ ڈیرہ غازی اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کیلئے ٹیکنیکل یونیورسٹی ،کالج ،سکول سمیت اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، واسا، سمال ڈیم ،سپر ، ماڈل کیٹل منڈی بھی بنائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں دو موبائل ہیلتھ یونٹس اورتین ایمبولینسز کا افتتاح اور نئے بلاک کا دورہ بھی کیا۔بعدازاں سرکٹ ہاؤس میں ارکان اسمبلی ،کارکنوں،وکلا، تاجروں اور معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماضی میں وسائل کا رخ دوسری طرف موڑ دیا گیا مگر اب ہماری محرومیوں کے دن ختم ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبے کی ہر تحصیل اور ضلع کا دورہ کر کے عوامی نمائندگان سے مل کر علاقائی مسائل حل کروں گا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے پیپلز پارٹی لورالائی ڈویژن بلوچستان کے صدر وڈیرہ امیر محمد خان کھتران نے ملاقات کی اورساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا،اس موقع پر وڈیرہ امیر محمد خان کھیتران نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار کے اچھے کاموں کے باعث تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب سے گورنر پنجاب نے ون آن ون ملاقات کی جس میں صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم کیا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے کے عوام کو بہتر تعلیمی اور طبی سہولتیں فراہم کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو اولین ترجیح دینا حکومت کا اولین فرض ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت انشا ء اللہ عوامی توقعات پر پورا اترے گی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -