حوالہ ،ہنڈی مافیا کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ ،ٹیمیں تشکیل
کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی سمیت ملک بھر میں حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث مافیا کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیاہے۔سندھ زون میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن کو یومیہ پانچ چھاپے مارنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کراچی میں حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد کی اکثریت نئے احکامات کے بعد روپوش ہوگئی اور اپنا کام عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے حکم پر ایف آئی اے نے کراچی سمیت ملک بھر میں منی لانڈرنگ، حوالہ و ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ سندھ زون میں ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل، کمرشل بینکنگ سرکل، کارپوریٹ کرائم سرکل، اینٹی کرپشن سرکل، حیدرآباد اور سکھر زون کے ایڈیشنل اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ایف آئی اے سندھ زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرائم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ان ٹیموں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ زون میں ہونے والی کارروائی میں ماضی کی طرح منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کام میں ملوث کمپنیوں کے ملازمین کو گرفتار کرنے کے بجائے ان کے مالکان کو گرفتار کیا جائے ۔
حوالہ ،ہنڈی