کالج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے : ضیاء اللہ بنگش

کالج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے : ضیاء اللہ بنگش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیربرائے تعلیم ضیا ء اللہ بنگش نے جمعہ کے روز گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کوہاٹ میں ساڑھے 6 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ نئے بلاک کا ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں باقاعدہ طور پرافتتاح کردیا. اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسلر کرامت علی شاہ، کالج کے پرنسپل حافظ انجنئیر زبیر، پی ٹی آئی کے مقامی رہنما، اساتذہ کرام اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی. کالج کے پرنسپل نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کالج کے لئے بس، ریگولر مقامی ٹیچرز کی تعیناتی، کلاس فور کی 10 آسامیوں پر فوری طور پر بھرتی اورجدید آلات کی فراہمی کا مطالبہ کیا. اس موقع پر اپنے خطاب میں مشیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں قائم وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور اس سلسلے انہوں نے باقاعدہ طور پرہدا یات بھی جاری کی ہیں. انہوں نے یقین دلایا کہ کالج کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے. ضیاء بنگش نے فنی تعلیم میں نئی جہت لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک میں تیکنیکی افرادی کو کھپانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور انشاء اللہ مستقبل میں کوئی فنی طور پر ہنر مند بے روزگار نہیں رہے گا. اساتذہ سے مخاطب ہو کر انہون نے کہا کہ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق افرادی قوت تیارکی جائے تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کو فوری طور پر روزگار ملے. انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ صرف اور صرف تعلیم کے حصول کو اپنا موٹو بنائیں کیونکہ تعلیم ہی روشن اور کامیاب مستقبل کی ضامن ہے. انہوں نے کہا کہ انہیں کوہاٹ کے جوانوں پر فخر ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ کوہاٹ کا نام روشن رکھا ہے اور امید واثق ہے کہ وہ ہمیں کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے. قبل ازیں مشیر تعلیم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے نئے بلاک کا افتتاح کردیا.