حکومت عافیہ کی رہائی کیلئے اقدامات تیز کرے ،محمد حسین محنتی

حکومت عافیہ کی رہائی کیلئے اقدامات تیز کرے ،محمد حسین محنتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ قوم کی بیٹی ہے، حکومت دختراسلام کی رہائی کیلئے اپنے وعدوں پر عمل کرنے کیلئے اقدامات تیز کرے، دفتر خارجہ کی ڈاکٹرعافیہ کے وطن واپسی کے حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بریفنگ اور ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے بیان میں کھلا تضاد ہے،حکومت اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کرے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ سابق آمر پرویز مشرف دور میں جھوٹے الزامات اور جس طرح قوم کی بیٹی کو پاکستان سے گرفتار کرکے امریکہ کے حوالے کیا گیا وہ انتہائی شرمناک عمل تھا۔سابق وزیراعظم نے بھی رہائی کا وعدہ کرنے کے باوجود ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے تھے حالانکہ میاں نواز شریف کی حکومت بروقت اور عملی اقدامات کرتی تو دختراسلام واپس آسکتی تھی،موجودہ وزیراعظم نے بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے قوم واہل خانہ سے وعدہ کیا تھا اسلئے حکومت انسانی ہمدردی اور سیاسی بنیادوں پر ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کرکے قوم سے کئے گئے وعدے پر عمل کرے۔صوبائی امیرنے دختر اسلام کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے اپنی بہن ڈاکٹرعافیہ کی وطن واپسی کے لیے کی جانے والی کوششوں اورجدوجہد پرخراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم دختر اسلام ڈاکٹرعافیہ کی وطن واپسی کے لیے داعائیں کر رہی ہے۔بیشک اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی دعائیں سنتے اورقبول فرماتے ہیں۔حکومت اللہ سے ڈرے،انسانی ہمدردی کے طور اوراپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے دختراسلام کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کرے۔