سائیں تو سائیں ۔۔۔زلفی بخاری کے دوست پر حکومت کی مہربانیاں،تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا بڑا مالیاتی سکینڈل منظر عام پر

سائیں تو سائیں ۔۔۔زلفی بخاری کے دوست پر حکومت کی مہربانیاں،تحریک انصاف کی ...
سائیں تو سائیں ۔۔۔زلفی بخاری کے دوست پر حکومت کی مہربانیاں،تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا بڑا مالیاتی سکینڈل منظر عام پر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )نا معلوم ڈیجیٹل میڈ یا سروس کمپنی ”برانڈو مارکیٹنگ “نے اپنے فیس بک پیج پر اعلان کیا ہے کہ اب سے کمپنی حکومتی پراجیکٹس کی ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ سے متعلق امور سر انجام دے گی اور اس سلسلے میں حکومت اور کمپنی کے درمیان معاہدہ بھی ہو گیا ہے ۔کمپنی کی جانب سے اس دعوے کے بعد موجودہ حکومت کے پہلے 100دنوں میں ہی ممکنہ طور پر کروڑوں روپے کا سکینڈل بن گیا ہے ۔ڈیلی پاکستان گلوبل کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈنے” آفیشل ڈیجیٹل میڈ یا پارٹنر شپ“کے لیے کوئی ٹینڈر جاری نہیں کیا جبکہ پاکستانی آئی ٹی اور ڈیجیٹل میڈ یا انڈسٹری میں نا معلوم کمپنی کو انتہائی منافع بخش پارٹنر شپ دینے کے حوالے سے قانونی کارروائی بھی پوری نہیں کی گئی ۔اس صورتحال میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ حکومت نے اسی کمپنی کو یہ بہترین پیشکش کیوں کی ؟۔

اس حوالے سے تحقیقات کے دوران تحریک انصاف کے قریبی مخبر نے نام ظاہر نہ کرنے کی صورت میں اس معاہدے کی تفصیلات بتائیں،اس کے مطابق آج کل برانڈو مارکیٹنگ تحریک انصاف کے چیئر مین اور وزیر اعظم عمران خان کے آفیشل پیج کو بھی دیکھ رہی ہے ۔برانڈو کمپنی نے این اے 53کے ضمنی انتخابات کے دوران تحریک انصاف کی سوشل میڈ یا ٹیم سے وزیراعظم عمران خان کے پیج کو ہینڈل کرنے کی ذمہ داریاں چھین لی تھیں ،مخبر نے بتا یا کہ برانڈو مارکیٹنگ ماضی میں مشکوک معاملات میں بھی ملوث رہی ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ مستقبل میں بھی یہ کمپنی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہے گی۔برانڈومارکیٹنگ کمپنی کے ڈائریکٹرفرحان جاوید زلفی بخاری کی سوشل میڈ یا پر موجودگی کی دیکھ بھال بھی کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ دونوں کے باہمی کاروبار بھی ہیں ۔برانڈو مارکیٹنگ بغیر کسی بڈنگ پراسیس اور کنٹریکٹ کے اوور سیز پاکستانیوں سے متعلق سوشل میڈ یا کی بھی مینجمنٹ کررہی ہے ۔ذرائع کے مطابق بہت سے کاروباروں میں زلفی بخاری فرحان جاوید کے غیر کار گزار شریک (sleeping partner)بھی ہیں ۔فرحان جاوید ایسوسی ایشن آف اوور سیز پاکستانی نامی فرم بھی چلاتے ہیں (aop.org.pk)جو کہ ایک غیر سرکاری نجی ادارہ ہے لیکن یہ ادارہ دھوکہ دہی کے ساتھ سوشل میڈ یا پر دعویٰ کرتا ہے کہ”یہ ادارہ اوور سیز پاکستانیوں کو سہولیات دینے کے لیے آفیشل ذریعہ ہے“،اس آرگنائزیشن کے ایک اور بانی کردار کا نام شفیق اکبر ہے جس نے مبینہ”آفیشل چینل فار اوور سیز پاکستانی “سے غیر ملکی پاکستانیوں کا ڈیٹا حاصل کیا اور پھر اس ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے انہی پاکستانیوں کو (Graana.com)کے ذریعے زمینیں فروخت کیں ،اب یہ کمپنی ”real-estate portal“کے نام سے کام کر رہی ہے ۔


برانڈو مارکیٹنگ کمپنی اب حکومت کی آفیشل ڈیجیٹل پارٹنر بن گئی ہے اور ممکنہ طور پر اس معاہدے کے بعدبہت سے اہم اور حساس سرکاری پراجیکٹس اس نا معلوم کمپنی کو دئیے جائیں گے ۔نادرا دیٹا بیس سے لے کر بہت سی ایپس اور ویب سائٹس کے ٹھیکے اس کمپنی کو دئیے جائیں گے جو کہ سرکاری اداروں اور لوگوں کو آپس میں ملانے کا باعث بنیں گی ۔بظاہر اس ٹھیکے کو حاصل کرنے کی اہلیت برانڈو کمپنی کی زلفی بخاری سے قربت ہے۔برانڈو مارکیٹنگ کمپنی وزیر مملکت برئے داخلہ شہریار آفریدی کی سوشل میڈ یا پر موجودگی کو بھی مینج کر رہی ہے اور مبینہ طور پر اس کنکشن کی وجہ سے اسلام آباد میں راتوں رات بغیر کسی اجازت نامے کے (Graana.com)کے لانچنگ بینرز بھی لگائے گئے ۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -