سموگ کا باعث دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کیلئے 9ٹیمیں تشکیل

سموگ کا باعث دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کیلئے 9ٹیمیں تشکیل

  



لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ورلڈ ٹریفک حادثات ڈے کے حوالے سے رنگ روڈ پولیس نے ٹی آر ایس ایف اور اٹلس ہنڈاکے ہمراہ ٹریفک آگاہی سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا۔ ڈی ایس پی رنگ روڈپولیس ملک اکرام، ٹی آر ایس ایف کے چیئرمین خورشیدالزمان خوشحالی، اٹلس ہنڈا کے تسلیم شجاع، رنگ روڈ پولیس کے افسران،سول سوسائٹی ممبران، ٹرانسپورٹرز اور مختلف سکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔ سیمینار میں حاضرین کو حادثات سے بچاؤ کی اختیاطی تدابیر بارے آگاہی فراہم کی گئی۔تیز رفتاری، کم عمرڈرائیورز زیادہ ترٹریفک حادثات کا باعث بنتے ہیں۔ٹریفک آگاہی واک کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ان کے پیاروں کی تصاویر اور حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے پیغامات درج تھے۔تقریب کے دوران دنیا بھر میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے اظہار افسوس کرنے کیلئے شمعیں روشن، دعا مغفرت کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر ڈی ایس پی رنگ روڈ پولیس ملک اکرام نے روڈ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ شہریوں کومحفوظ سفر کا پیغام دیتے ہوئے ان میں ہیلمٹ و دیگر تحائف تقسیم کئے۔دریں اثناسی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کی زیر صدارت سٹی ٹریفک پولیس اور محکمہ ماحولیات کی مشترکہ ٹیموں کا اجلاس ہوا،اجلاس میں ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر نصرت ناز نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ شرکت کی،ملاقات میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کاجائزہ لیا گیا،18وارڈنز پر مشتمل9ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جو شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ جات لگاتے ہوئے کارروائی کو یقینی بنائیں گی۔

شہر میں رات کے وقت داخل ہونے والی ہیوی ٹریفک کیخلاف بھی خصوصی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

 سی ٹی او کے مطابق رواں سال کے دوران ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنے والی 32 ہزار سے زائد گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔

مزید : علاقائی