منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں تیزی، 699مقدمات درج

منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں تیزی، 699مقدمات درج

  



لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس آپریشنز ونگ کا تعلیمی اداروں کے گردو نواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تعلیمی اداروں کے گرد نواح سے ابتک724منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف شہر کے مختلف پولیس سٹیشنز میں 699مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہرکے مختلف سکولوں، کالجوں یونیورسٹیز کے گردونواح میں کارروائی کرتے ہوئے سٹی ڈویعن نے152، کینٹ 137، سول لائن62، صدر150، اقبال ٹاؤن99جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈو یژن نے124منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان کے قبضہ سے244کلوگرام سے زائد چرس،963 گرام ہیروئن، 400.5گرام آئس،1240نشہ آور کیپسول، 24کلو گرام سے زائد افیون،11کلوگرام سے زائد بھنگ اور6293لِٹر شراب برآمدکی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں انہیں منشیات و دیگر جرائم سے محفوظ رکھنے کیلئے والدین، اساتذہ، پولیس اور سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔ جرائم کا ارتکاب کرنے والے سماج دشمن عناصر کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ ان کا فوری طور پر سد باب ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو نشے کا عادی بنانے والے سماج دشمن عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ لاہور پولیس منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

نئی نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا لاہور پولیس سمیت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔شہری نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔ 

مزید : علاقائی