ایبٹ آباد، 33ویں قومی کھیلوں میں جمنا سٹک مقابلے ختم،پاک آرمی کی پہلی پوزیشن

ایبٹ آباد، 33ویں قومی کھیلوں میں جمنا سٹک مقابلے ختم،پاک آرمی کی پہلی پوزیشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ایبٹ آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر آئی)ایبٹ آباد میں جاری 33 ویں قومی کھیلوں میں جمناسٹک کے مقابلے پی ٹی سکول میں اختتام پذیر ہو گئے، پاکستان آرمی کی ٹیم نے پہلی، واپڈا نے دوسری اور پاکستان ریلویز نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی، واپڈا کے محمد افضل 72-55 پوائنٹس حاصل کر کے مقابلوں کے بہترین جمناسٹ قرار پائے ہیں۔ ان مقابلوں میں 10 ٹیموں آرمی، واپڈا، ریلویز، پنجاب، سندھ، کے پی، بلوچستان، اسلام آباد اور دیگر ٹیموں نے حصہ لیا۔ سعودی عرب سے ایف آئی جے سے تعلق رکھنے والی جج ناصر ابراہیم چیف جمناسٹک جج کے طور پر شریک ہوئے، ان کی معاونت خالد راٹھور، محمد فاروق، پرویز سلیمی، ندیم اختر، دلاور حسین، امیر احمد، جاوید، خالد محمود، فرمورز مرتضیٰ، ایم یٰسین، تحصیل اصغر اسد عزیز جمع نے کی۔ مقابلوں کی فلور کیٹگری میں آرمی کے عنصر عباس نے سونے، واپڈا کے محمد افضل نے چاندی اور آرمی کے شکیل حیدر نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ والٹنگ ٹیبل کیٹگری میں واپڈا کے محمد افضل گولڈ، آرمی کے عنصر عباس سلور اور آرمی کے صدام برونز میڈلز جیتنے میں کامیاب رہے۔ پوملیڈ ہارس کیٹگری میں آرمی کے عنصر عباس پہلے، واپڈا کے محمد افضل دوسرے اور آرمی کے سیف تیسرے نمبر پر رہتے ہوئے بالترتیب سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے جیتنے میں کامیاب رہے۔ اسی طرح ہائی بار میں واپڈا کے یاسر پہلے اور واپڈا ہی کے محمد افضل دوسرے اور آرمی کے سیف تیسری نمبر پر رہے جبکہ پیرالل بار میں آرمی کے عنصر عباس پہلی، واپڈا کے محمد افضل دوسری اور واپڈا ہی کے نواز تیسری پوزیشن کے ساتھ میڈل لینے میں کامیاب رہے ہیں۔ مقابلوں کے آخری ایونٹ رنگ میں آرمی کے تنویر اول، آرمی کے سیف دوئم اور واپڈا کے نواز سوئم قرار پاتے ہوئے اپنی ٹیموں کیلئے سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے اپنے سینوں پر سجانے میں سرخرو رہے ہیں۔ مجموعی طور پر آرمی 280 پوائنٹ کے ساتھ پہلی، واپڈا نے 266 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور ریلویز نے 204 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔