سعودی عرب،نئے زکوٰۃ قواعد کا اعلان،غیر ملکی سرمایہ کار مستثنیٰ

سعودی عرب،نئے زکوٰۃ قواعد کا اعلان،غیر ملکی سرمایہ کار مستثنیٰ

  



 ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے زکوٰۃ کے نئے قواعد وضوابط نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ آئندہ سال یکم جنوری سے لاگو ہوں گے۔سعودی دارالحکومت ریاض میں محکمہ زکوٰۃ و ٹیکس کی جانب سے 2 روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی عرب کے علاوہ دنیا بھر سے عالمی تنظیموں، سرکاری عہدیداروں اور علمی و تحقیقی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔کانفرنس میں انکم ٹیکس اور زکوٰۃ کے حوالے سے مختلف امور پر بات کی گئی اور ٹیکس قوانین کو جدید بنانے کے لیے مختلف ممالک کے تجربات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔کانفرنس کے اختتام پر مملکت میں زکوٰۃ کے نئے قواعد وضوابط نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا۔سعودی حکام کے مطابق محکمہ زکوٰۃ و ٹیکس کے نئے ضوابط غیر ملکی سرمایہ کاروں پر لاگو نہیں ہوں گے، غیر ملکی سرمایہ کار سے صرف انکم ٹیکس لیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ زکوٰۃ و ٹیکس اپنے قواعد و ضوابط جدید خطوط پر استوار کررہا ہے۔ زکوٰۃ کے نئے ضوابط سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم خلیجی باشندوں پر یکم جنوری 2020 سے لاگو ہوں گے۔

سعودی عرب /زکوٰۃ قواعد

مزید : صفحہ آخر