بانڈ کی تجویز مسترد،اللہ کا لاکھ شکر،ماں،قوم کی دعائیں رنگ لائیں:شہباز شریف،کارکنوں کا جشن،مٹھائیاں تقسیم

بانڈ کی تجویز مسترد،اللہ کا لاکھ شکر،ماں،قوم کی دعائیں رنگ لائیں:شہباز ...

  



لاہور (نامہ نگار خصوصی،نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے بانڈ دینے کی تجویز مسترد کر دی۔ اللہ کا لاکھ لاکھ شکرہے، عدالت نے نوازشریف کوعلاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دی ہے۔عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری ماں اور قوم کی دعائیں رنگ لائیں، عدالت کا بھی شکریہ انہوں نے انسانی بنیادوں پرفیصلہ دیا، اشتر اوصاف، عطا تارڑ، امجد پرویز کا بھی شکر گزار ہوں۔مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بانڈ دینے کی تجویز مسترد کر دی۔ حکومت نے اربوں روپے کا انڈیمینیٹی بانڈ مانگا تھا، جس کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے لیے دن رات دعائیں کرنے والوں کا شکرگزارہوں۔ میرے قائد کے علاج میں آخری تاخیر جو حکومت نے پیدا کی وہ فیصلے سے ختم ہو گئی۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی روانگی کا سامان تیار ہوگیا ہے، کلیئرنس سرٹیفکیٹ ملنے پر ایئرایمبولینس تیار ہوگی۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے بھائی حسین نواز کو ٹیلی فون کیا اور نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے باہر جانے کی تیاری مکمل ہے ان کی روانگی کا سامان تیار ہے،کلیئرنس سرٹیفکیٹ ملنے پر ایئرایمبولینس تیار ہوگی۔ایئرایمبولینس کیساتھ شہباز شریف، ڈاکٹر عدنان روانہ ہوں گے۔نواز شریف کو شریف میڈیکل سٹی کی ایمبولینس کے ذریعے جاتی امرا ء سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ منتقل کیا جائے گا۔ دوسری طرف سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت سنبھل نہ سکی، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر شمسی نے نواز شریف کو لندن کے بجائے امریکہ میں علاج کی تجویز دی ہے، آج سابق وزیراعظم کا دوبارہ طبی معائنہ کریں گے۔ شریف فیملی ذرائع کے مطابق نواز شریف فیملی کی لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک کے بعد امریکی ہسپتال میں علاج کیلئے مشاورت جاری ہے، قانونی پیچیدگیوں کے باعث نواز شریف کچھ روز لندن کے ہسپتال میں زیر علاج رہیں گے، مکمل علاج کیلئے لندن سے امریکہ منتقل کیا جائے گا۔ فیملی ذرائع کاکہناہے کہ حسن نواز اور حسین نواز نے ہارلے سٹریٹ کلینک لندن میں تمام انتظامات کرلئے ہیں، ماہر ڈاکٹرز سے معائنے کیلئے وقت بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ نواز شریف کے لندن پہنچتے ہی انہیں ہسپتال منتقل کر دیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کو لندن لے جانے کیلئے ایئر ایمبولینس کی بکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ ایئر ایمبولینس کیلئے کاغذی کاروائی مکمل کی جارہی ہے۔ ابھی صرف وزارت داخلہ کی طرف سے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں دوران سماعت ہائیکورٹ کے احاطے میں موجود کارکنان کی جانب سے نواز شریف کی صحت یابی او رفیصلہ حق میں آنے کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جاتی رہیں۔ عدالت کی جانب سے حق میں فیصلہ آنے پر لیگی کارکنوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دی اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔ کارکنوں نے بھرپو رجشن مناتے ہوئے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ بعد ازاں کارکنوں نے سجدہ ریز ہو کر حق میں فیصلہ آنے پر خدا کا شکر ادا کیا۔ 

شہبازشریف، جشن 

مزید : صفحہ اول