عالمی فورمز پر اجاگر ہونیوالے مسئلہ کشمیر کو دھرنے سے نقصان پہنچا:عثمان بزدار

عالمی فورمز پر اجاگر ہونیوالے مسئلہ کشمیر کو دھرنے سے نقصان پہنچا:عثمان ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی فورمز پر اجاگر ہو ا جبکہ جے یوآئی (ف) کے دھرنے سے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچا، پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، ہمارے اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستانی عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 105 روز سے جاری بدترین کرفیو موجودہ صدی کا سب سے بڑا المیہ ہے، مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے، کشمیریوں کو خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم کر کے بھارتی وحشت آشکار ہو چکی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے۔بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے۔ عالمی برادری معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے صورتحال کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم اور جبر کی دنیا کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ مسلمانوں کو عبادت سے روکنے کیلئے مساجد کو تالے لگانا بھارت کے سیکولر ریاست ہونے کے دعوے کی نفی ہے۔ بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر اور دیگر ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تنگ نظر انتہا پسند ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے اور ہندوؤں کی انتہاپسندی کی وجہ سے بھارت میں اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت جان لے، مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے سے تنازع کشمیر دنیا کی نظروں سے اوجھل نہیں ہو سکتا۔ کیا ظلم و جبر سے پھول کھلیں گے یا تشدد جنم لے گا؟ ہر عمل کا رد عمل ہوتا ہے، ظلم اور زیادتیوں کا رد عمل خوفناک ہو سکتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر متنازع علاقہ اورحل طلب تصفیہ ہے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مقبوضہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ناگزیر ہے۔ مسلسل کرفیو اور بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود آج بھی کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی کے مذموم بھارتی عزائم پورے نہیں ہوں گے۔پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کوکبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق آئی جی جیل خانہ جات محمد یوسف لنگاہ کے انتقال اور روزنامہ ”نوائے قت“ کے ڈائریکٹر ایڈمن لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کی خوشدامن کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغامات میں سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی ارواح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول