امریکی کانگریس ٹم لینٹس ہیومن رائٹس کمیشن نے بھارتی جمہوریت کا پول کھول دیا:دفتر خارجہ

امریکی کانگریس ٹم لینٹس ہیومن رائٹس کمیشن نے بھارتی جمہوریت کا پول کھول ...

  



اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے پاکستان امریکی کانگریس کے ٹام لینٹس ہیومن رائٹس کمیشن کی مقبو ضہ کشمیر اور وہاں انسانی حقوق کی صورتحال کی کھلی سماعت کا خیر مقدم کرتا ہے۔ امریکی کانگریس کے ٹام لینٹس انسانی حقوق کمیشن کی کھلی سما عت 14 نومبر کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوئی، کمیشن نے اپنے مشاہدات میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو دو بارہ لاگو کیاجبکہ انسانی حقوق کی وسیع خلاف ورزیوں اور انسانی المیہ کو بھی اجاگر کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہادوران سماعت بھارتی مقبو ضہ جموں و کشمیر میں ایک غیر جانبدارانہ فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بھیجنے کا بھی کہا گیا۔ امریکی کمیشن کی سماعت کے دوران کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی ایشیاء پر ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک ماہ سے بھی کم مدت میں امریکی کانگریس کے ٹام لینٹس کمیشن کی سماعت کا انعقاد عالمی برادری کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مسلسل تحفظات کی عکاس  ہے،پاکستان امریکی اراکین کانگریس کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام پر جاری ظلم ستم پر اپنے ضمیر کی آواز بلند کرنے کی کوششوں کو تسلیم کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاان امریکی اراکین کانگریس نے بھارتی حکومت پر اپنے ظالمانہ اقدامات کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ تر جما ن دفتر خارجہ نے کہاہم امریکی قیادت اور اراکین پارلیمان کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق،آزادی اظہار رائے،حق استصواب رائے اور خطے میں امن و استحکام کو درپیش خطرات سے آگاہ ہونے اوراسکے خاتمے میں کردار کی ادائیگی کی خواہش کو سراہتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کھلی سماعت کے دوران راے عامہ دیکھی گئی کہ بین الاقوامی صحافیوں، غیر جانبدار انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے خصوصی مبصر ین کو مقبوضہ جموں و کشمیر جانے کی اجازت دی جائے۔ گواہان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ذرائع مواصلات پر پابندیاں ہٹانے انسانی حقوق کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔مجموعی طور پر اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارت کو اپنی ظالمانہ پالیسیوں، مذہبی و نسلی ظلم و ستم کا تسلسل جاری رکھنے سے روکا جائے۔ ترجمان نے کہا کھلی سماعت کے دوران بین الاقوامی برادری پر مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کے حوا لے سے آزادانہ تحقیقات کرانے کیلئے بھی زور دیا گیا۔ کمیشن کے پینلسٹس کے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کی آواز بننے کے حوصلے قابل تحسین ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آوازحق ظالمانہ مظالم سے خاموش کر رہا ہے، کمیشن کے اراکین و پینلسٹ نے بھارت کے سب سے بڑی جمہوریت ہونے کی کہانی کا پول کھول دیا۔انہوں نے دیانتداری سے بھارتی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کے پس منظرمیں موجود آمرنہ اور قومی انتہا پسندانہ نظریات و خواہشات کو بے نقاب کیا۔ترجمان نے کہا کمیشن نے بھارت کی جا نب سے اقلیتوں پر ظلم و ستم پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔امریکی کانگریس کے ٹام لینٹس کمیشن کی تازہ ترین سماعت عالمی برادری کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی ناقابل قبول صورتحال پر کھلے عام شدید تحفظات کا اظہار ہے۔

دفتر خارجہ 

مزید : صفحہ اول