پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے مثالی رہے ہیں، محمد باقر بیگی

  پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے مثالی رہے ہیں، محمد باقر بیگی

  



پشاور(سٹی رپورٹر)پشاور میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سبکدوش ہونے والے قونصلر جنرل محمد باقر بیگی نے کہا ہے کہ پاکستان او ر ا یران کے تعلقات مثالی ہیں اور پاکستانی قیادت کی جانب سے حالیہ دورر ے بھی خوش آئند ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا انہوں نے اپنے اعزاز میں دئیے جانے والے استقبالیہ میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سرحدچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی، ممتاز فروٹ کمیشن ایجنٹ امجد سلیم، چیئرمین لینڈ روٹ سٹینڈنگ کمیٹی امتیازاحمد علی، سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر ذاکر شاہ، اقلیتی راہنما آگسٹن جیکب، بزنس مین حاجی مختیارالدین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔محمد باقر بیگی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور ایران کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقاتوں کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے۔ قونصلر جنرل محمد باقر بیگی نے کہا کہ اپنے چار سالہ قیام کے دوران انہوں نے پشاور سمیت خیبر پختونخوا اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کیا ان کی خواہش رہی کہ دونوں ملکوں کے تاجروں اور صنعت کاروں کے درمیان تعلقات قائم ہوں اور ایرانی سرمایہ کار پشاور میں سرمایہ کاری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے صرف پاکستان اور چین کو ہی فائدہ نہیں ہو گا بلکہ اس سے پاکستان کے ہمسایہ ممالک ایران اور افغانستان بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ایرانی قونصلر جنرل نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں خاص طور پر رشکئی اکنامک زون میں ایرانی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کر کے پاکستانی معیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے پشاور میں اپنے چار سالہ قیام کو اپنے سفارت کاری کیرئیر میں یادگار قرار دیا اور کہا کہ ایران میں بھی ان کے دروازے پاکستانیوں خاص طور پر پشاور کے عوام اور تاجروں و صنعت کاروں کے لئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔اس موقع پر پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سرحدچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی نے ایرانی قونصلر جنرل کو ان کی خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی یادیں اہل پشاور کے دلوں میں ہمیشہ محفوظ رہیں گی۔ ممتاز فروٹ کمیشن ایجنٹ امجد سلیم نے ایرانی قونصلرجنرل کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ قبل ازیں محمد باقر بیگی نے چائنہ ونڈو کے مختلف شعبے دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا چائنہ ونڈو کے قیام سے پشاور کے عوام کو چینی ثقافت سے آگاہی حاصل ہو گی جو خوش آئند ہے۔انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر