پاکستان ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسین متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا

پاکستان ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسین متعارف کرانے والا پہلا ملک بن گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جو ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسین (ٹی سی وی) کو معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام میں متعارف کرا رہا ہے۔ حکومت پاکستان اس ویکسین کا آغاز صوبہ سندھ میں مہم سے کر رہی ہے،جہاں نومبر 2016سے ادویات کے خلاف مدافعت(XDR) ٹائیفائیڈ کی زیادہ تعداد رپورٹ کی گئی ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ بچے غیر متناسب طور پر ٹائیفائیڈ اور اس سے وابستہ پیچیدگیوں سے متاثر ہو رہے ہیں، اور ہمارا یقین ہے کہ ٹی سی وی بچوں کو ٹائیفائیڈ کی ممکنہ مہلک بیماری سے بچائے گا۔ صوبہ سندھ سے اس ویکسین کا آغاز کررہے ہیں جہاں اس کی فوری ضرورت ہے، حکومت پاکستان نے بین الاقوامی اور مقامی شراکت داروں کے تعاون اور مربوط تائید سے مرحلہ وار قومی سطح پراس ویکسین کو معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام میں متعارف کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ 2017میں، پاکستان میں ٹائیفائیڈ کے 63فیصد کیسسز اور 70فیصد ٹائیفائیڈ کے باعث پاکستان میں اموات کی شرح 15سال سے کم عمر بچوں کی ہے۔ان قیمتی جانوں کا ضیا روکنے کیلئے ایک مرحلہ وارشمولیت کیلئے دو ہفتوں کی مہم سے آغاز کیا جا رہا ہے جس میں صوبہ سندھ کی 460شہری یونین کونسلز میں گاوی (Gavi)ویکسین فراہم کرنے کے اشتراک و مالی معاونت سے 9ماہ سے 15سال کی عمر کے 10.1ملین بچوں کویہ ویکسین لگائی جائے گی۔ اس میں کراچی کے 4.7ملین بچے شامل ہوں گے۔ چونکہ مہم میں بڑے بچوں تک پہنچنے کی ضرورت ہے، اس میں اسکول بہت اہم کردار ادا کریں گے۔ اس مہم کے بعد صوبہ کے تمام علاقوں میں EPIمراکز کے ذریعہ معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے حصہ کے طورپر 9ماہ تک کے بچوں کو یہ ویکسین دی جائے گی۔ صوبائی وزیر برائے صحت و پاپولیشن ویلفیئر سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ٹائیفائیڈ ایک انتہائی متعدی بیماری ہے جو بہت تیزی اور آسانی سے ایسے علاقوں میں پھیلتی ہے جہاں لوگ ہجوم میں رہتے ہیں جہاں صفائی ستھرائی، پانی اور نکاسی آب کے بنیادی ڈھانچے کی ناقص صورتحال ہوتی ہے۔شہری علاقوں میں ویکسینیشن کا آغاز نا گزیر ہے جہاں لوگوں کو اس بیماری سے متاثر ہونے کا زیادہ خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیفائیڈ سے بچا جاسکتا ہے۔ٹائیفائیڈ کے مرض کو کم کرنے کیلئے ویکسینیشن ایک مؤثر بچاؤکا طریقہ ہے۔ ٹی سی وی مہم 18سے 30نومبر تک سندھ میں چلائی جائے گی، اس کے بعد ٹی سی وی کو دسمبر سے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کا حصہ بنادیا جائے گا۔ حکومت ٹی سی وی کی مہم کے ساتھ حفظان صحت کے اصولوں (پینے کا پانی، صفائی اور ستھرائی) کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ ٹائیفائیڈ، سالمونیلا ٹائیفی (Salmonella Typhi)کی وجہ سے ہونے والی ایک خطرناک بیماری ہے جو ناقص غذا اور آلودہ پانی کے استعمال سے پھیلتی ہے، ترقی پذیر ممالک میں بچوں اور کم وسائل والی کمیونٹی پر غیر متناسب اثر ڈالتی ہے۔ ٹی سی وی ایک محفوظ اور مؤثر ویکسین ہے جسے عالمی ادارہ برائے صحت (WHO)نے تجویز کیا ہے۔