برٹش ہائی کمیشن کے وفد کا دورہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو،سہولیات کو سراہا

    برٹش ہائی کمیشن کے وفد کا دورہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو،سہولیات کو سراہا

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کی دعوت پر برٹش ہائی کمیشن کے ایک خصوصی وفد نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ کیا۔ وفد کے اراکین میں زارا ریڈ، ایلیزے شیبلیاور این کوون شامل تھیں۔ برٹش ہائی کمیشن کے وفد نے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈا ئریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملک محمد اقبال بھی موجود تھے۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے وفد کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے سے بریفنگ دی اور بچوں کو دی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ وفد نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں قائم چائلڈ پروٹیکشن سکول کا دورہ بھی کیا۔ بعد ازاں وفد کے اراکین بچوں کے ہاسٹل میں بھی گئے۔ برٹش ہائی کمیشن کے وفد نے چائلڈ پروٹیکشن کی جانب سے بچوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔ علاوہ ازیں چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے بچوں کے تحفظ اور فلاح وبہبود کے لئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1