تین روزہ سفاری فیملی فیسٹول سفاری پارک میں شروع ہو گیا

تین روزہ سفاری فیملی فیسٹول سفاری پارک میں شروع ہو گیا

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)تین روزہ سفاری فیملی فیسٹول سفاری پارک میں شروع ہو گیا۔ فیسٹول پروفیشنل یوتھ فیڈریشن پاکستان کے تحت کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، ڈی ایچ اے اور دیگر اداروں کے تعاون سے منعقد کیا گیا ہے۔ اس میلے کا اہتمام کراچی سفاری پارک کے ناریل باغ میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد اسپیشل بچوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے حوالے سے عوامی شعور و آگہی کا فروغ ہے۔ وسیع وعریض سبزہ زار پر کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر (کے وی ٹی سی)اور دیگر تنظیموں کی جانب سے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے۔ "کے وی ٹی سی" کی جانب سے بلاک پرنٹنگ، اسکرین پرنٹنگ، روبوٹکس، زری ورک، فیس پینٹنگ، لائیو پینٹنگ، پاٹ پینٹنگ وغیرہ کے اسٹالز سجائے گئے تھے، جہاں "کے وی ٹی سی" کے تربیت یافتہ اسپیشل طلبا وطالبات کی ہنرمندی کے شاہکار رکھے گئے۔ مہمانوں کی بڑی تعداد نے ان فن پاروں میں گہری دلچسپی لی اور موقع پر خریداری بھی کی۔ فیسٹول کا افتتاح کرنے کے بعد مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، اعزازی مہمان وائس ایڈمرل(ر)عارف اللہ حسینی اور سی ای او کے وی ٹی سی معروف صنعتکار سینیٹر حسیب خان نے اسٹالز کا دورہ کیا اور خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔ کے وی ٹی سی" کی منیجر ایڈمنسٹریشن فرحین عامر نے مہمانوں کو بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے "کے وی ٹی سی" کے سربراہ اور روح و رواں سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ ہمارے ادارے کا مقصد ذہنی کمزوری کا شکار بچوں کو معاشرے کا باعزت اور کارآمد رکن بنانا ہے اور یہی ہمارا مشن ہے جبکہ یہ فیسٹیول بھی اس حوالے سے عوامی شعور و آگہی بڑھانے کیلیے منعقد کیا جارہا ہے کہ اسپشل بچوں کو ہرگز معذور نہ سمجھا جائے۔ ہمارا ارادہ ایسے ہی بچوں کو بالکل مفت عالمی معیار کی فنی تعلیم و تربیت دے رہا ہے اور اب تک پانچ سو بچے برسر روزگار ہوچکے ہیں، ہمیں اس مشن میں عوامی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ اسپیشل بچوں کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لیے کوشاں ہے، ادارے میں اس وقت 130 اسپیشل بچے زیر تعلیم ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بڑے نجی اداروں خاص طور پر ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ہنرمند اسپیشل بچوں کو ملازمت کی فراہمی کے اس عظیم مشن میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، اس موقع پر "کے وی ٹی سی" کی جانب سے "انفارمیشن ڈیسک" کے ذریعے مہمانوں کو اس ادارے کے بارے میں مفید معلومات بھی فراہم کی جارہی تھیں۔ "

مزید : صفحہ آخر