این اے 259 کے 29 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ

این اے 259 کے 29 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ
این اے 259 کے 29 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ

  



کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے۔

پچیس جولائی 2018کے عام انتخابات میں این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے تاہم ان کی کامیابی کو حلقے کے ایک آزاد امیدوار طارق محمود کھیتران نے سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے 29 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کی درخواست کی تھی۔سرکاری نتیجے کے مطابق این اے 259 ڈیرہ بگٹی کوہلو سے جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے 22 ہزار787 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آزاد امیدوار میر طارق محمود کھیتران 21ہزار 213 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

سپریم کورٹ کے حکم پر ڈیرہ بگٹی میں این اے 259کے 29 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کےلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، پولنگ کاعمل آج صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجےتک جاری رہےگا۔29 پولنگ سٹیشنوں میں 111 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں 65 مردوں اور 46 خواتین ووٹرز کےلئے مخصوص ہیں، ان میں کل ووٹرزکی تعداد 47 ہزار 269 ہے جن میں 27ہزار 899 مرد اور 19 ہزار 370 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

حلقے میں ری پولنگ کےلئے ریجنل الیکشن کمشنر عمران احمدکو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ڈیرہ بگٹی سیف الدین کوریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔این اے 259 میں الیکشن میں حصہ لینے والوں کی تعداد 31 ہے تاہم نمایاں امیدواروں میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی، آزاد طارق محمودکھیتران اور پیپلز پارٹی کے باز محمدکھیتران شامل ہیں۔

مزید : اہم خبریں /قومی /علاقائی /بلوچستان /کوئٹہ