برطانیہ میں الیکشن، لیکن شہزادی میگھن مارکل کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انتہائی حیران کن وجہ سامنے آگئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی شہزادہ ہیری نے 2018ءمیں امریکی اداکارہ میگھن مارکل کے ساتھ شادی کی لیکن آپ کو یہ سن کر شدید حیرت ہو گی کہ میگھن مارکل کو اب تک برطانوی شہریت نہیں مل سکی، حالانکہ انہوں نے اپنی شادی سے بھی پہلے شہریت کی درخواست دی تھی۔ میل آن لائن کے مطابق میگھن مارکل کو برطانوی شہریت کے لیے درخواست دیئے دو سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اب میگھن مارکل کی ایک دوست نے یہ عقدہ وا کیا ہے کہ انہیں اب تک شہریت نہیں ملی۔
میگھن مارکل کی دوست کا کہنا تھا کہ ”یہ ایک غیرمعمولی بات ہے۔ میگھن مارکل برطانوی شہزادے کی اہلیہ ہیں اور ان کی شادی کو بھی ڈیڑھ سال گزر چکا ہے۔ میگھن مارکل بھی یہ بات مانتی ہیں کہ برطانیہ کا شہریت دینے کا نظام بہت سست ہے۔“رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کے افراد کو اجازت ہے کہ وہ برطانیہ کے جنرل الیکشن میں ووٹ ڈال سکتے ہیں تاہم شاہی خاندان کی روایت ہے کہ وہ کبھی ووٹ نہیں ڈالتے۔ بہرحال میگھن مارکل شہریت نہ ہونے کی وجہ سے چاہ کر بھی آئندہ عام انتخابات میں ووٹ نہیں دے سکیں گی۔