عامر خان کے گانے کی وجہ سے خاتون کو 20 برس بعد اس کا گھر مل گیا

عامر خان کے گانے کی وجہ سے خاتون کو 20 برس بعد اس کا گھر مل گیا
عامر خان کے گانے کی وجہ سے خاتون کو 20 برس بعد اس کا گھر مل گیا

  



ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں 20سال قبل 5برس کی عمر میں گھر سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو بالآخر عامر خان کے ایک گانے کی وجہ سے اپنا گھر مل گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس لڑکی کا نام ماریہ ہے جو گونگی اور بہری تھی اور بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک قصبے کی رہنے والی تھی۔ وہ پانچ سال کی تھی جب گم ہو گئی اور بھٹکتی ہوئی کٹاپنا شہر پہنچ گئی۔ وہاں ایک رکشہ ڈرائیور نے اسے دیکھا۔ گونگی بہری ہونے کی وجہ سے وہ اپنے گھر کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتی تھی تاہم وہ لکھ کر اتنا بتا سکتی تھی کہ وہ پانچ بہن بھائی ہیں اور اس کا نام امینہ ہے۔

رکشہ ڈرائیور نے امینہ، جس کا اب نام ماریہ ہے، کو یتیم خانے پہنچا دیا۔ 2003ءمیں ماریہ کی روڈیمن نامی شخص سے شادی ہو گئی اور اب وہ 5 بیٹوں اور ایک بیٹی کی ماں ہے۔ گزشتہ دنوں وہ اپنے شوہر کے ساتھ بیٹھی عامر خان کی فلم دیکھ رہی تھی۔ فلم میں جب گانا ’اکیلے ہم، اکیلے تم‘ آیا‘ اور گانے کا وہ سین آیا جس میں عامر خان سائیکل چلا رہا ہوتا ہے تو یہ سین جس جگہ فلمایا گیا تھا اسے دیکھ کر ماریہ چونک اٹھی۔ یہ اس کے آبائی قصبے کے قریب واقع جگہ تھی۔ اس نے لکھ کر اپنے شوہر کو اس کے متعلق بتایا۔

ماریہ کے شوہر کو معلوم نہیں تھا کہ اس سین میں یہ کون سی جگہ ہے چنانچہ اس نے معلوم کرنے کے لیے اس فلم کے ڈائریکٹر منصور خان سے رابطہ کیا۔ منصور خان سے جگہ پوچھ کر ماریہ اور روڈیمن اس جگہ پہنچے تو وہاں سے ماریہ خود ڈھونڈتی ہوئی اپنے گھر تک پہنچ گئی۔ یوں عامر خان کے گانے نے ماریہ کو دو دہائیوں بعد اس کے اپنوں سے ملوا دیا۔

مزید : ڈیلی بائیٹس