ٹماٹروں کی قیمتوں سے پریشان پاکستانیوں کے لئے ایران سے بڑی خوشخبری آگئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں ٹماٹروں کی آسمان کو چھوتی قیمت پر قابو پانے کے لیے درآمد کنندگان کو محدود وقت کے لیے ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ایرانی ٹماٹر آئندہ چار دن میں پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گے جس کے بعد غالب امکان ہے کہ پاکستانی مارکیٹ میں ٹماٹروں کی قیمت نیچے آ جائے گی جو اس وقت 300روپے فی کلوگرام سے اوپر پہنچ چکی ہے۔
وفاقی وزیربرائے تحفظ خوراک و تحقیق صاحبزادہ محمد محمود سلطان نے بتایا ہے کہ ”ملک میں اس وقت ٹماٹروں کی قلت ہے اور یہ ایک موسمی قلت ہے جو ہر سال ہوتی ہے۔اس موسم میں بلوچستان سے ٹماٹر آنے بند ہو جاتے ہیں جبکہ سندھ میں ٹماٹروں کی پیداوار شروع ہونے میں ابھی کچھ ہفتے باقی ہوتے ہیں۔ اس دوران ملک میں لگ بھگ ایک ماہ کے لیے ٹماٹروں کی قلت ہو جاتی ہے جس کے باعث ان کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ ایرانی ٹماٹر 53روپے فی کلوگرام کی قیمت میں کوئٹہ پہنچیں گے اور وہاں سے پورے ملک میں فراہم کیے جائیں گے۔“