انسداد سموگ،بھٹہ خشت مالکان کازگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے حکومتی فیصلے سے اتفاق

انسداد سموگ،بھٹہ خشت مالکان کازگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے حکومتی فیصلے سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت الحمرا میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر تحفظ ماحو لیا ت محمد رضوان، سیکرٹری تحفظ ماحولیات سلمان اعجاز، ڈی جی تحفظ ماحولیات، آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن کے صدرشعیب خان نیازی اور بھٹہ مالکان نے شرکت کی۔اجلاس میں 31دسمبر2020ء تک صوبہ میں تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے پر اتفاق ہوا، پہلے مرحلے میں چار ماہ میں سینٹرل پنجاب جہلم سے لیکر اوکاڑہ تک بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائیگا۔مقررہ مدت تک منتقل نہ ہونیوا لے بھٹوں کومستقل بند کر دیا جائیگا۔ اجلاس میں پرانی ٹیکنالوجی پر بننے والے نئے 84بھٹوں کو فی الفور بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا،اگر یہ بھٹے آئندہ دو ماہ میں زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہوئے تو انہیں گرادیا جائیگا۔ان فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے آئندہ دو روز میں آل پاکستان بھٹہ ایسوسی ایشن سے باقاعدہ معاہدہ کیا جائیگا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاپنجاب میں بھٹے بند کرکے عام آدمی کی مشکلات بڑھانا نہیں چاہتے، بھٹے چلتے رہیں گے لیکن کوئی بھٹہ غیرمعیاری ایند ھن استعمال نہیں کریگا، اگر کسی بھٹے پرغیرمعیاری ایندھن ٹائر، پلاسٹک اور بیٹری کے سیل وغیرہ استعمال ہونے کی شکایت آئی تو کارروائی ہوگی۔ 31دسمبر2020ء کے بعد کوئی بھٹہ پرانی ٹیکنالوجی پر نہیں رہیگا۔ صوبائی وزیرنے کہا عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بھٹے بند کرکے کسی کو بیروزگار نہیں کرنا چاہتے لیکن سموگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں گے۔بعدازاں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت را جہ جہانگیر انور، ڈی جی پی آر ڈاکٹر محمداسلم ڈوگر، صدرپریس کلب لاہورارشد انصاری، ایم ڈی پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ارشد سعید اور ضلع کے انتظامی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صحافی کالونی کے مسائل اور ترقیاتی امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیرکا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا صحافی کالونی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔انہوں نے اس موقع پر ہدایت جاری کی کہ صحافی کالونی میں ناجائز قابضین سے پلاٹ واگذار کرنے کیلئے فوری اقدامات اور معاملات جلد حل کئے جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا صحافی کالونی میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا جائے اور ناجائز تعمیرات کی روک تھام کیلئے پیشگی اقدامات اٹھائے جائیں۔
بھٹہ مالکان اتفاق

مزید :

صفحہ آخر -