مہنگائی اور بڑھ گئی!
محکمہ شماریات کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ رفتہ کے دوران مہنگائی مزید بڑھی ہے۔ مختلف اضلاع کی انتظامیہ گرانی کنٹرول نہیں کر پا رہیں اور نہ ہی حکومتی دعوے پورے ہو رہے ہیں، ہفتہ رفتہ کے دوران برائلر مرغی، فارمی انڈے، ٹماٹر، پیاز، لہسن، گوبھی، مٹر اور دوسری تمام سبزیاں پہلے سے مہنگی ہوئیں۔ دالوں، گھی اور آئل کے نرخ بھی بڑھے ہیں صورت حال یہ ہے کہ آج برائلر مرغی کا گوشت 310 روپے فی کلو اور ٹماٹر 220 روپے فی کلو اور مٹر 240 روپے فی کلو فروخت ہوتے رہے ہیں۔ چینی آٹے اور دوسری اشیاء کے نرخوں پر کوئی اثر نہیں ہوا تاجر برادری نے اس اضافے کی ذمہ داری موسم اور بار برداری کے بڑھے ہوئے اخراجات پر ڈالی کہ خراب موسم کی وجہ سے پہاڑی علاقوں سے سبزیوں کی ترسیل مشکل بن چکی ہے جبکہ ٹرک مالکان نے بھی کرائے بڑھائے ہیں۔ اس سلسلے میں سہولت بازار (سابقہ سستے بازار) بھی کوئی خاص ریلیف نہیں دے سکے صارفین ان بازاروں میں بیچی جانے والی اشیاء کے معیار سے بھی مطمئن نہیں ہیں۔آڑھتیوں اور بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ گرانی یا قیمتوں میں اضافے کا تعلق طلب و رسد سے ہے اور محکمہ خوراک یا حکومت کو اس طرف توجہ دینا ہو گی۔ صارفین پریشان ہیں کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کیسے پورے ہوں انہیں آم کھانے سے غرض ہے، پیڑ گننے سے نہیں۔