وہ غلطی جو بال شیمپو کرتے ہوئے ہر کوئی کرتا ہے، بالوں کے ماہر نے درست طریقہ بتادیا

وہ غلطی جو بال شیمپو کرتے ہوئے ہر کوئی کرتا ہے، بالوں کے ماہر نے درست طریقہ ...
وہ غلطی جو بال شیمپو کرتے ہوئے ہر کوئی کرتا ہے، بالوں کے ماہر نے درست طریقہ بتادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) خوبصورت بال شخصیت کی خوبصورتی کے لیے ازحد ضروری ہوتے ہیں اور ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے بالوں کی حتی الامکان حفاظت کرے اور مگر اس کوشش کے دوران بیشتر لوگ غلط طریقے سے بال دھوتے اور شیمپو کرتے ہیں جو الٹا نقصان کا سبب بنتا ہے۔ اب ایک ماہر نے شیمپو کرنے کا درست طریقہ بتا دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس ماہر ہیئر ڈریسر کا نام جولین فیئریل ہے۔جولین کا کہنا ہے کہ آپ نے ہفتے میں کتنی بار بال دھونے ہیں، یہ آپ پر منحصر ہے۔ سردیوں میں آپ ہفتے میں ایک بار بھی دھو سکتے ہیں اور گرمیوں میں روزانہ بھی۔ تاہم بالوں کو تبھی دھوئیں جب آپ کو اس کی ضرورت محسوس ہو۔ اگر آپ روزانہ نہاتے ہیں تو روزانہ شیمپو ہرگز استعمال نہ کریں۔ اس سے آپ کے سر کی جلد خشک ہو سکتی ہے اور شیمپو الٹا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ بالوں کو شیمپو کرتے ہوئے سر کی جلد کو مت رگڑیں بلکہ بالوں میں نرمی سے انگلیاں پھیریں۔
جولین کا کہنا تھا کہ ”بالوں اور سر کی جلد کو سختی کے ساتھ رگڑنے سے جلد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ بالوں کو ہمیشہ ٹھنڈے یا ہلکے گرم پانی سے دھوئیں۔ شیمپو بار بار مت بدلیں بلکہ ایک ہی برانڈ استعمال کریں اور اپنے بالوں پر اس کے اثرات کا جائزہ لیتے رہیں۔ اگر اس شیمپو سے آپ کے بالوں کو نقصان پہنچ رہا ہے تو شیمپو تبدیل کر لیں۔ اس کے علاوہ شیمپو کی زیادہ مقدار بھی استعمال نہ کریں۔ اپنی ہتھیلی پر ایک سکے کے سائز کے برابر شیمپو لیں۔ یہ آپ کے بالوں کے لیے کافی ہو گا۔ بالوں میں شیمپو لگانے سے پہلے اچھی طرح سر میں پانی ڈالیں۔ نہانے کے بعد بالوں کو تولیے سے مت رگڑیں، بلکہ ہلکے ہکے تھپتھپا کر انہیں خشک کریں۔ کنگھی بھی آہستگی سے کریں کیونکہ سختی سے کنگھی کرنا بھی گیلے بالوں کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔“

مزید :

تعلیم و صحت -