راولپنڈی( ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے لوک ورثہ کا دورہ کیا جہاں وہ فیسٹیول میں قائم سندھ اور پنجاب کے پویلینز میں گے۔ سندھ پویلین میں گورنر کو روایتی سندھی اجرک اور ٹوپی پیش کی گئی۔ انہوں نے تمام سٹالز کا معائنہ کیا جہاں سندھ اور پنجاب کے دستکاروں اور آرٹسٹوں کے نمونے رکھے گے تھے۔ انہوں نے دستکاروں کی محنت اور لگن کو سراہا۔ پنجاب پویلین میں گورنر پنجاب کو روایتی پنجابی پگڑی پہنائی گئی۔ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل سجاد حسین نے گورنر کا استقبال کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے کلچر یکساں متاثر کن ہیں کیونکہ اس میں ہماری تاریخ اور ہمارے بزرگوں کا ہنر شامل ہے۔ میلے ٹھیلے تمام صوبوں کی روایت ہے اور اس کے ذریعے امیر اور غریب کو یکساں تفریح میسر آتی ہے اور یہ صحتمند تفریح کا اعلیٰ طریقہ ہیں۔ لوک ورثہ میں ملکی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور یہاں میلے کا سماں ہے، لوگوں کے چہرے پر خوشی اور رونق ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ روایتی میلوں کا انعقاد عوام کیلئے ضروری ہے اور لوگوں کی کثیر تعداد یہاں دیکھ کر توقع کی جا سکتی ہے کہ تمام پرانے میلے بحال ہونگے۔ میلوں سے محبت، بھائی چارے اور برداشت کو فروغ ملتا ہے جو اس وقت ہمارے معاشرے کیلئے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اتنی کثیر تعداد لوک ورثہ میں آئی کہ مجھے بھی ٹریفک میں پھنسنا پڑا ہے اور خوشی ہوئی کہ وفاقی دارالحکومت میں ایسا ماحول بنایا گیا ہے۔