اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہوم ورک کے بغیر احتجاج کی کال دی ہے، یہ کال خود ان کے لیے نقصان کا باعث بنے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج حکومت کے لیے چیلنج نہیں ہے، وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو سیاسی ڈائیلاگ کی پیشکش کی تھی لیکن ڈائیلاگ بانی پی ٹی آئی کی سیاست میں نہیں ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وی پی این بلاک کرنے سے متعلق حکومتی رائے سے آگاہ نہیں، وی پی این سے متعلق معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل اور راغب نعیمی کا معاملہ نہیں، وی پی این سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل نے غیرضروری رائے دی۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وی پی این کے استعمال کا شریعت سے کوئی تعلق ہی نہیں، ایکس کے غلط استعمال کی وجہ سے حکومت نے پابندی لگائی۔