وزیرستان میں آپریشن کافیصلہ نہیں ہوا: وزیر داخلہ
سوات (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ملالہ یوسف زئی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان پر 10 کروڑ روپے کا انعام اور ملالہ یوسف زئی کے لئے ستارہ شجاعت کا اعلان کیا ہے۔ سوات میں ملالہ یوسف زئی کے ساتھ زخمی ہونے والی کائنات کی عیادت کی۔ رحمان ملک نے انکشاف کیا کہ ملالہ پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی۔ ان کا کہنا تھاکہ وزیرستان میں آپریشن کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ رحمان ملک نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے جس بہادری کا مظاہرہ کیا اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں اور انہیں ستارہ شجاعت دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کائنات اور شازیہ کو معاوضے دیئے جائیں گے اور کائنات کو اس کی خواہش کے مطابق میڈیکل کی تعلیم دلائی جائے گی جبکہ اس کے بھائی کو سوات کے پاسپورٹ آفس میں نوکری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فرنئٹئیر کانسٹیبلری کی تین کمپنیوں کو ملالہ، شازیہ اور کائنات کے نام سے منصوب کیا جائے گا۔ انہوں نے ملالہ یوسف زئی کا علاج کرنے والے سیدو شریف ہسپتال کے تین ڈاکٹروں کے لئے پرائڈ آف پرفارمنس کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان کو جو بھی پکڑنے میں مدد دے گا اسے دس کروڑ روپے انعام اور ہائسٹ ایوارڈ دی جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکیم اللہ محسود ساتھیوں سمیت ہتھیار پھینک کر قوم سے معافی مانگ لے، حکومت ان کیلئے عام معافی کا اعلان کرتی ہے۔