خورشید شاہ کی ”جمہوریت“ آگ بگولہ ہو گئی، سیکرٹری خزانہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہاتھیوں پر ہاتھ ڈالا جائے تو گیدڑ بھی ڈریں گے۔ افسر غلطیاں کرتے ہیں اور گالیاں سیاستدانوں کو ملتی ہیں۔ خورشید شاہ کی صدارت میں قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری خزانہ کے نہ آنے پر کمیٹی نے ان کے خلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ ایک موقع پر سخت برہم ہوئے اور ڈپٹی سیکریٹری خزانہ کو اجلاس سے نکال دیا۔ اس سے پہلے انہوں نے ڈپٹی سیکریٹری کو جھڑکتے ہوئے کہاکہ کیا باقی سب مرگئے ہیں جو یہاں نہیں آئے۔ وزیر مواصلات ارباب عالمگیر نے بتایا کہ لواری ٹنل منصوبہ 5 ارب روپے کی لاگت کا تھااب 50 ارب روپے میں بھی مکمل نہیں ہورہا۔ کمیٹی نے این 70 منصوبے میں تاخیر کا باعث بننے والے خطوط کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ایم ڈی نیسپاک، سیکریٹری خزانہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کو بلالیاہے۔