قومی بلائنڈکرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں اعزاز کا دفاع کرےگی، کوچ نفیس احمد

قومی بلائنڈکرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں اعزاز کا دفاع کرےگی، کوچ نفیس احمد

لاہو ر ( اے پی پی )قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے رکن نفیس احمد نے کہا ہے کہ ساﺅتھ افریقہ میں اگلے ماہ نومبر میں ہونے والے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم میر ٹ پر منتخب کی گئی ہے اور انشاءاللہ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائے گی ۔ نفیس احمد نے کہاکہ دو مختلف ٹورنامنٹس اور لاہور میں لگنے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لیکر بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے کمبی نیشن پر مشتمل ہے ۔ ٹیم میں شامل چار نئے کھلاڑیوں بدر منیر ،ساجد نواز ،ہارون خان اور محمد توفیق سے بھی اچھی پرفارمنس کی توقع ہے ۔ٹورنامنٹ میں بھارت ،آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ساتھ پاکستان کے میچز سخت ہوں گے لیکن ان ٹیموں کے مقابلے کے لئے بھرپور تیاری کی جارہی ہے ۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا میچ بھارت کے خلاف 27نومبر کو ہوگا ۔نفیس احمد نے بتایا کہ ساﺅتھ افریقہ کی کنڈیشنز سے پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ،ہم پہلے بھی وہاں کھیل چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ سے پہلے کھلاڑیوں کی پریکٹس کے لئے دو مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ پہلا ٹورنامنٹ 27سے 29اکتوبر کو اسلام آباد میں اور دوسرا 6نومبر سے 10نومبر تک بہاولپور میں منعقد ہوگا ۔

11نومبر کو ٹیم کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں منعقد ہوگا اور ورلڈ کپ کے لئے ٹیم 24نومبر کو ساﺅتھ افریقہ روانہ ہوگی ۔نفیس احمد نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے پاس اپنی کوئی گراﺅنڈ نہیں ہے اور ٹیم کو کرائے پر گراﺅنڈ لیکر ٹریننگ کرنا پڑتی ہے ۔لاہور میں سبزہ زار میں ورلڈ کپ کی ٹریننگ کا کیمپ لگے گا لیکن اتوار کے روز گراﺅنڈ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ریسٹ کروانا پڑے گی ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ گراﺅنڈ کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کوجلد از جلد ہدایت جاری کرے تاکہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے لئے بھرپور توجہ سے بغیر رکاوٹ کے اپنی ٹریننگ کرسکے ۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ میں تمام ٹیمیں بھرپور تیاری اور جیت کے لئے آئیں گی تاہم قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور وہ ورلڈ کپ جیتنے کے لئے پرعزم ہیں ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی