صنعتی شعبہ کو گیس کی فراہمی روکنے سے انڈسٹری کاپہیہ جام ہو جائے گا

صنعتی شعبہ کو گیس کی فراہمی روکنے سے انڈسٹری کاپہیہ جام ہو جائے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد(بیورورپورٹ )آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے ریجنل چیئرمین محمد احمدشیخ نے کہاہے کہ موسم سرما کے دوران صنعتی شعبہ کو 3ماہ کیلئے گیس کی فراہمی روکنے سے انڈسٹری کاپہیہ جام اور لاکھوں مزدور بیروزگار ہو جائیں گے جبکہ یورپی منڈیوں میں کھویاہوا مقام حاصل کرنے اور زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کے حصول کیلئے صنعتوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی جاری رکھناہوگی نیز کرسمس کے سلسلہ میں بک کئے گئے پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے ایکسپورٹ آرڈرز پورے نہ ہوئے تو صنعتکاروں کو اربوں روپے کے نقصان کاسامنا کرناپڑسکتاہے۔ میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے جی ایس پی پلس کے حصول کیلئے طویل جدوجہد کے بعد پاکستانی ایکسپورٹ میں اضافہ کا جو خواب دیکھا گیا تھا وہ وزرات پٹرولیم کی غلط پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا یہ ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے کہ جونہی ہم ترقی کا سفر شروع کرتے ہیں ترقی دشمن قوتیں سرگرم ہو جاتی ہیں اور اس کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کو جمود کا شکار کر دیتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ انہی عوامل کے سبب بے یقینی کی کیفیت سرمایہ کاروں کو گھیر لیتی ہے جس کے برے اثرات نہ صرف ملکی معیشت پر پڑتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کا پہیہ بھی رک جانے سے لاکھوں ورکرز بے روزگار ہو جاتے ہیں اور پھر یہ لوگ بے راہ روی کا شکار ہو کر ملک کے امن و امان کیلئے خطرہ بن جاتے ہیں جس سے ملک ایک بار پھر پیچھے کی طرف آکر دائروں میں سفر شروع کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی وزارت پٹرولیم نے صنعتوں کو تین ماہ کیلئے سوئی گیس کی فراہمی روکنے کا بیان جاری کر کے کاروباری حلقوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے اور یہ سلسلہ تب سے جاری ہے جب سے ہمیں یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کی سہولت حاصل ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ اگر اس سہولت سے فوائد کے حصول کی سنجیدہ کوششیں کی جائیں تو ہم نہ صرف یورپی منڈیوں میں ایک بار پھر کھویا ہوا مقام حاصل کر لیں گے بلکہ ہمارے زرِ مبادلہ کے ذخائر بھی بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سردیوں میں ہی نہیں بلکہ پورے سال میں کئی بار صنعتوں کو سوئی گیس کی فراہمی بند کرکے صنعتی شعبہ کو بے وقعت بنایاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے موقع پر ارباب اختیار کو از خود نوٹس لیتے ہوئے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل پروسیسنگ انڈسٹری کیلئے موسم سرما میں گیس کی سپلائی 24گھنٹے مکمل پریشر کے ساتھ دینے کا فوری فیصلہ کر کے اس پر سختی سے عملدرآمد بھی کرانا چاہئے تاکہ جی ایس پی پلس کے قوانین سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے یورپی منڈیوں میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی فروخت کو ممکن بنایا جائے اور اس طرح امسال کرسمس کے موقع پر پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے ایکسپورٹ آرڈرز کو بروقت یقینی بنایا جاسکے جس کے نتیجہ میں ملکی صنعت کا پہیہ رواں دواں ہونے سے لاکھوں ورکرز کو روزگار مہیا ہوتا رہے گا اور ملکی معیشت مضبوط ہونے پر ملک میں خوشحالی آئے گی۔

مزید :

کامرس -