حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خصوصی مراعات دے:اعجاز اے ممتاز

حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خصوصی مراعات دے:اعجاز اے ممتاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خصوصی مراعات دے جو پاکستانی معیشت کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے کواٹر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 4.69ارب ڈالر ملک میں بھجوائے جو بہت اچھا شگون ہے۔ حکومت ان کا پیداواری سیکٹرز میں استعمال یقینی بنائے تاکہ معیشت کو حقیقی معنوں میں فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کرے تو آئندہ چند سالوں میں ترسیلات کا حجم 40سے 50ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو توانائی، زراعت، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اْن رکاوٹوں کا جلد از جلد خاتمہ کرے جو ترسیلات کے فروغ کی راہ میں آڑے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے مگر یہ رکاوٹیں انہیں دو رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت حوالہ سسٹم کی حوصلہ شکنی کرے کیونکہ اس غیرقانونی ذریعے سے اربوں ڈالر بھجوائے جارہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ اس وقت جب ملک کو بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافہ معیشت کو تقویت دے گا۔
، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوگا، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے ،روپے کی قدر مستحکم ہوگی اور غیرملکی قرضوں پر انحصار کم ہوگا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہے لہذا حکومت ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن سہولیات اور مراعات فراہم کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پالیسیاں مزید بہتر بنائے گی جس سے بیرون ملک سے ترسیلات میں اضافہ ہوگا۔

مزید :

کامرس -